پاکستان اور مصر کے درمیان تجارتی و معاشی روابط کے فروغ کے لیے نئی پاکستان-مصر بزنس کونسل قائم کی جائے گی ،اسحاق ڈار

9

اسلام آباد،30نومبر  (اے پی پی): نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان اور مصر کے درمیان تجارتی و معاشی روابط کے فروغ کے لیے نئی پاکستان-مصر بزنس کونسل قائم کی جائے گی تاکہ دوطرفہ تعاون کو ادارہ جاتی شکل دی جاسکے اور باہمی مفادات پر مبنی تجارتی سرگرمیوں اور کاروباری روابط کو مضبوط بنایا جائے۔

مصری وزیرِ خارجہ ڈاکٹر بدر احمد محمد عبدالعاطی کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ پاکستان-مصر بزنس فورم بھی قائم کیا جائے گا، جس کی مشترکہ طور پر دونوں وزرائے خارجہ سربراہی کریں گے، اس کا پہلا اجلاس 2026 کی دوسری سہ ماہی میں قاہرہ میں منعقد ہوگا تاکہ تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کو مزید بڑھایا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے نمایاں کاروباری ادارے ان فورمز میں شامل ہوں گے۔

نائب وزیراعظم/وزیر خارجہ کے مطابق، دونوں ممالک نے باہمی تجارت کو فروغ دینے کے لیے بی ٹو بی  سطح پر سرگرمیوں کے فروغ کا فیصلہ کیا ہے۔

اسحاق ڈار نے بتایا کہ پاکستان کی جانب سے مختلف شعبوں کی نمائندگی کرنے والے 250 کاروباری اداروں کی فہرست مرتب کی جائے گی جو فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری  اور متعلقہ چیمبرز کی مشاورت سے ایک شفاف عمل کے ذریعے منتخب ہوں گے۔ ان کاروباری اداروں کو دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے سہولیات فراہم کی جائیں گی اور بعد ازاں ان کا مصر میں وائٹ لسٹ میں اندراج کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ بزنس کمیونٹی کے لیے ویزا سہولت میں بھی بہتری لائی جائے گی ۔ مصری وزیرِ خارجہ نے اپنی جانب سے بھی اسی نوعیت کی فہرست تیار کرنے پر اتفاق کیا ہے۔مصری وزیرِ خارجہ نے  نے کہا کہ مصر اور پاکستان ثقافت، مذہب اور دیرینہ دوستی کے مضبوط رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں اور دونوں ممالک علاقائی و عالمی معاملات پر یکساں مؤقف رکھتے ہیں۔مصری وزیر نے دونوں ممالک کے درمیان رابطوں میں اضافے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔