اسلام آباد،02دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا ہے کہ پاکستان بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کی نجکاری کے لیے بین الاقوامی نجی شعبے کے بااعتماد اور تجربہ کار سرمایہ کاروں کی شرکت کا منتظر ہے، وسیع تجربہ رکھنے والی ترکیہ کی کمپنیوں کی شمولیت نہایت اہم ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں جمہوریہ ترکیہ کے وزیر توانائی و قدرتی وسائل الپرسلان بیرکتار سے ملاقات کے دوران کیا۔
وفاقی وزیر نے ترک حکومت کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے پاکستان کے توانائی ماہرین کو ترکیہ کے بجلی کے نظام کا مطالعہ کرنے کا موقع فراہم کیا جو بڑی حد تک نجی شعبے کے تحت کام کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان جلد ہی تین ڈسکوز کی نجکاری کرے گا اور سرمایہ کاروں کے لیے اظہار دلچسپی (ای او آئی) جاری کرنے کیلئے تیار ہے۔ سردار اویس لغاری نے ترک ماڈل کو سراہتے ہوئے نجکاری کے عمل کے دوران دونوں ممالک کے اداروں اور افسران کے درمیان مزید قریبی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے خاص طور پر اس رعایتی ماڈل کا حوالہ دیا جو ترکیہ نے کامیابی سے نافذ کیا ہے۔
وفاقی وزیر نے پاکستان کے توانائی اداروں کے انسانی وسائل کی تربیت کے لیے بھی ترکیہ کے تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔
اس موقع پر سردار اویس لغاری نے اپنے ترک ہم منصب کو پاور سیکٹر میں جاری اصلاحات اور مختلف اداروں میں موجود سرمایہ کاری کے مواقع سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ پاور ڈویژن ملک کے لیے ایک مربوط توانائی منصوبے پر کام کر رہا ہے اور اس کی تیاری میں ترکیہ کے تعاون کی ضرورت ہے، خصوصاً اس لیے کہ ترکیہ اس شعبے میں کافی تجربہ رکھتا ہے۔
ترک وزیر توانائی نے پاکستان میں پرتپاک مہمان نوازی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ترک سرمایہ کار پاکستان کے پاور سیکٹر کی نجکاری کے عمل کو گہری دلچسپی سے دیکھ رہے ہیں اور انہیں امید ہے کہ ترک سرمایہ کار مناسب سطح پر اس میں حصہ لیں گے۔ ترک وزیر نے ترکیہ میں روڈ شوز کے انعقاد سے اتفاق کرتے ہوئے اس مقصد کے لیے ترک انویسٹمنٹ فورم کے استعمال کی پیشکش بھی کی اور مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی توانائی مارکیٹ ترکیہ کے لیے انتہائی اہم ہے اور چونکہ ترکیہ پاکستان کے مختلف شعبوں خصوصاً معدنیات میں پہلے ہی بڑا سرمایہ کار ہے، اس لیے پاور سیکٹر میں بھی تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔











