سری لنکا میں سمندری طوفان کے باعث تلاش اور بچاؤ کی کارروائیوں کے لئے پاکستان سے خصوصی ٹیم روانہ

17

اسلام آباد۔3دسمبر (اے پی پی):  سری لنکا میں  سمندری طوفان  کے باعث سیلاب کی تباہ کاریوں اور سری لنکن حکومت کی جانب سے امداد کی اپیل   کے تناظر میں حکومت پاکستان کی جانب سے متاثرین کے لئے امدادی اقدامات جاری  ہیں، وزیر اعظم کی خصوصی ہدایت پر بدھ کی  صبح سری لنکا کے متاثرہ علاقوں میں تلاش اور بچاؤ کی کاروائیوں کے لئے خصوصی    ٹیم روانہ کر دی گئی ہے ، پاک فضائیہ کا C-130 طیارہ امدادی کاروائیوں میں حصہ لینے کےلئے47 رکنی ٹیم بشمول 6.5 ٹن ضروری آلات لےکر سری لنکا پہنچے گا۔  سامان روانگی تقریب میں سری لنکاکے سفیر سمیت وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری اور چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک موجود تھے ۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے  وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ این ڈی ایم اے پاکستان اور دیگر ممالک میں آفات کے نتیجے میں ہونے والی تباہی اور منفی اثرات سے نمٹنے کے لئے ہمہ وقت کوشاں ہے، وزیر اعظم کی جانب سے گزشتہ روزسری لنکا کے صدرکے ساتھ بات چیت ہوئی اور دیگر متاثرہ ممالک انڈونیشیا، تھائی لینڈ اور ملائیشیا کے ساتھ بھی رابطہ کیا جا رہا ہے ۔

اس موقع پر سری لنکن سفیر فریڈ سینو یراتھنے  نے کہا کہ فوری امداد کی فراہمی پر پاکستانی عوام اور حکومت کے شکر گزار ہیں۔

واضح رہے کہ این ڈی ایم اے کولمبو سے لاہور چلنے والی سری لنکن ائیر لائن کے ذریعے بھی امداد ی سامان روانہ کرے گی۔   گزشتہ روز وزیر اعظم کی خصوصی ہدایت پر این ڈی ایم اے نے 200 ٹن امدادی سامان بذریعہ بحری جہاز بھی سری لنکا روانہ کیا گیا ، روانہ  کئے گئے سامان میں خیمے، کمبل، رضائیاں، لائف جیکٹس،کشتیاں، پانی نکالنے کے پمپس/ ڈی واٹرنگ پمپس، لیمپس، چٹائیاں، مچھر دانیاں، بچوں کے خشک دودھ، تیار کھانااور ادویات شامل ہیں۔پاکستان نیوی کے بحر ی جہاز اورہیلی کاپٹر پہلے ہی سری لنکا میں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔

سری لنکن صدر کی وزیر اعظم پاکستا ن سے خصوصی درخواست کے بعد این ڈی ایم اے پاک آرمی کے عارضی پل بھی سری لنکا روانہ کر رہا ہے۔ پاکستان کی جانب سے سری لنکا کے متاثرین کی امداد کے لئے ہر ممکن کوشش جاری رہے گی۔