اسلام آباد،03دسمبر (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے مقامی مصنوعات کی پیداواری لاگت کو کم کرنے کے لئے موثر اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی طرف سے منظور کردہ قومی ٹیرف پالیسی ایک انقلابی قدم ہے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار بدھ کو یہاں اپنی زیر صدارت کسٹم ڈیوٹی اورتجارتی شعبہ میں دیگر اصلاحات پر قائم کردہ ذیلی ورکنگ گروپ کی سفارشات پر جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ملکی صنعتی پیداوار اور تجارت میں اضافے کے لیے شعبہ جاتی مخصوص تجاویز اور مسائل کی نشاندہی نا گزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ دہائیوں سے معاشی و صنعتی پیداواری صلاحیتوں کو بڑھانے کے لئے ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کو ریسرچ اور ٹریننگ پر استعمال نہیں کیا گیا، ملکی برآمدات اور درآمدات کے شعبہ میں ماہرین کی طرف سے سفارشات اور اصلاحاتی تجاویز حقیقت پر مبنی اعداد و شمار کے مطابق ہونی چاہیے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ دوسرے ممالک کے ساتھ دو طرفہ اور راہداری (ٹرانزٹ) تجارتی مصنوعات کی بارڈر پر کسٹم ڈیوٹی کی وصولی کی کڑی نگرانی ہونی چاہیے۔
وزیر اعظم کو ورکنگ گروپ کی بریفنگ میں بتایا گیا کہ برآمدات پر مبنی دیر پا معاشی ترقی ملک میں سرمایہ کاری اور پیداواری صلاحیت میں اضافے، حکومتی تحفظ اور انفراسٹرکچر کی بہتری سے ہی ممکن ہو سکتی ہے،ملک کے نمائندہ کاروباری حضرات پر مبنی ذیلی ورکنگ گروپ کی طرف سے محمد علی ٹبہ اور دیگر نے وزیراعظم کو کسٹم اور ٹیکس وصولی سے متعلقہ مسائل سے آگاہ کیا اور اپنی سفارشات پیش کیں۔ وزیراعظم نے ان سفارشات کا خیر مقدم کیا اور ملکی صنعتی پیداوار کو بڑھانے ،کاروباری اور سرمایہ کار حضرات کو ہر ممکن سہولت دینے کے لیے متعلقہ وزارتوں اور اداروں کو خصوصی ہدایات دیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ حالیہ قومی ٹیرف پالیسی ملکی صنعتی پیداوار کو مثبت انداز میں سہولت پہنچانے کے لیے نافذ کی گئی ہے تاکہ برآمدات اور درآمدات کو ملکی مجموعی معاشی ترقی سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔











