پی آئی اے کی نجکاری میں شفافیت اور میرٹ اولین ترجیح ہے، وزیراعظم کی پی آئی اے کی نجکاری میں حصہ لینے والے تمام بڈرز، کارباوری شخصیات اور کمپنیوں کے نمائندوں سے گفتگو

11

اسلام آباد،03دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کی نجکاری میں شفافیت اور میرٹ اولین ترجیح ہے، نجکاری کیلئے بڈنگ کا عمل ملک بھر میں ٹی وی پر براہ راست نشر کیا جائے گا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی آئی اے کی نجکاری میں حصہ لینے والے تمام بڈرز، کارباوری شخصیات اور کمپنیوں کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے بدھ کو یہاں وزیر اعظم ہاؤس میں ان سے ملاقات کی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پی آئی اے کا کھویا ہوا تشخص بحال کرنے اور قومی ایئرلائن کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے نجکاری کا عمل جاری ہے۔

انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ انشاء اللہ جلد پی آئی اے ایک مرتبہ پھر سے ‘‘گریٹ پیپل ٹو فلائی ود’’  کی اپنی روایات پر پورا اترنے لگے گی۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری کے عمل میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا جا رہا ہے، بڈنگ کا عمل ملک بھر میں ٹی وی پر براہ راست نشر کیا جائے گا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پی آئی اے کی دنیا بھر میں پروازوں کی بحالی سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کیلئے سہولت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سیاحتی شعبے کی ترقی کیلئے بھی قومی ایئر لائن کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا انتہائی ضروری ہے۔

وزیر اعظم نے اس امید کا اظہار کیا کہ جو بھی بڈنگ کے بعد اس اہم ذمہ داری کو سنبھالے گا وہ قومی ایئر لائن کے تشخص کی بحالی اور اس کی ترقی پر اپنی بھرپور توانائیاں مرکوز کرے گا۔ وزیر اعظم نے بتایا کہ پی آئی اے کی بڈنگ 23 دسمبر 2025ء کو ہوگی جس کو تمام میڈیا پر براہ راست نشر کیا جائے گا۔ اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈارسمیت وفاقی وزراء احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، عطاء اللہ تارڑ، اعظم نذیر تارڑ، سردار اویس خان لغاری، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، مشیر وزیر اعظم محمد علی، معاون خصوصی ہارون اختر اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

ملاقات میں پی آئی اے کی نجکاری کیلئے بڈنگ میں شرکت کرنے والے تمام بڈرز نے شرکت کی۔ شرکا نے حکومت کی جانب سے پی آئی اے کی نجکاری کے عمل میں پیشہ ورانہ اور شفاف طریقہ کار کو سراہا۔