وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت صوبائی ہارڈن دی سٹیٹ کمیٹی اجلاس

59

کوئٹہ،03 دسمبر (اے پی پی):وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت بدھ کو پروانشل ہارڈن دی سٹیٹ کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے کی مجموعی امن و امان کی صورتحال، نیشنل و پروانشل ایکشن کمیٹیوں کے تحت طے شدہ اہداف پر عملدرآمد اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف جاری اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ حمزہ شفقات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے خلاف مربوط اور موثر کارروائیاں جاری ہیں، ضلع کچھی میں اب تک 200 سے زائد آپریشنز جبکہ صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی نمایاں کارروائیاں کی گئی ہیں۔بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ بلوچستان کے شمالی علاقوں میں 100 دہشت گردوں کو غیر موثر کر دیا گیا جبکہ صوبے بھر میں 3561 غیر قانونی پیٹرول پمپس سیل کیے گئے، کسٹم حکام نے گزشتہ تین ماہ کے دوران 2575 آپریشنز کرتے ہوئے 416 نان کسٹم پیڈ گاڑیاں ضبط کیں۔مدارس کی رجسٹریشن اور ضوابط پر عملدرآمد کی پیش رفت سے بھی اجلاس کو آگاہ کیا گیا۔وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں امن کے قیام، جرائم پیشہ عناصر کی بیخ کنی اور سمگلنگ کے خاتمے کے لیے جاری اقدامات قابل ستائش ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کارروائیوں کو مزید موثر اور تیز کیا جائے تاکہ عوام کو مکمل احساسِ تحفظ مل سکے۔وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ نیشنل اور پروانشل ایکشن کمیٹیوں کے فیصلوں پر پوری سنجیدگی اور تندہی کے ساتھ عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا، صوبے میں جرائم، لاقانونیت اور دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل ہوگا اور قانون شکن عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رہے گی۔اجلاس میں تمام اداروں کو تعاون اور مکمل ہم آہنگی کے ساتھ کام جاری رکھنے کی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔