پاکستان اور کرغزستان کے درمیان تجارت، معیشت، زراعت، توانائی،بندر گاہوں کے استعمال،تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ کے لیے 15 معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں کا تبادلہ
اسلام آباد۔4دسمبر (اے پی پی):پاکستان اور کرغزستان کے درمیان تجارت، معیشت، زراعت، توانائی،بندر گاہوں کے استعمال،تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ کے لیے 15 معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں کا تبادلہ کیا گیا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف اور کرغزستان کے صدر صادر ژپاروف کے درمیان مذاکرات کے بعد جمعرات کو منعقدہ خصوصی تقریب میں دونوں ممالک کے مابین مختلف شعبوں میں معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں کا تبادلہ کیا گیا ۔
اس موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف اور کرغزستان کے صدر بھی موجود تھے۔پاکستان کی فارن سروس اکیڈمی اور کرغزستان کی ڈپلومیٹک اکیڈمی کے درمیان تعاون کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینٹر محمد اسحاق ڈار اور کرغزستان کے وزیر خارجہ ژینبیک کولوبایف،وزارت تجارت اور کرغزستان کی وزارت معیشت و تجارت کے درمیان تعاون کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور کرغزستان کے وزیر معیشت و تجارت بکیٹ سیڈیکوف،کان کنی اور جیو سائنسز میں تعاون کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر وفاقی وزیر توانائی (پٹرولیم) علی پرویز ملک اور کرغزستان کے وزیر خارجہ ژینبیک کولوبایف،توانائی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر وفاقی وزیر پاور اویس احمد خان لغاری اور کرغزستان کے وزیر توانائی تالیبیک،بندرگاہوں اور لاجسٹک رابطوں میں تعاون کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر وزیر مملکت برائے ریلوے بلال اظہر کیانی اور کرغزستان کے وزیر معیشت و تجارت بکیٹ سیڈیکوف،زرعی شعبے میں تعاون کے لئےوفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ اور کرغزستان کی جانب سے وزیر خارجہ ژینبیک کولوبایف، سزا یافتہ افراد کے تبادلے کے لیے معاہدے پر وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری اور کرغزستان کے پراسیکیوٹر جنرل مکسٹ اسانالیو اور کسٹمز کے درمیان الیکٹرانک ڈیٹا کے تبادلے لیے مفاہمت کی یادداشت پر وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور کرغزستان کے وزیر خارجہ ژینبیک کولوبایف ، کرغزستان کی وزارت خارجہ کی ڈپلومیٹک اکیڈمی اور نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگیویز کے مابین مفاہمتی یادداشت،وزیر اعظم یوتھ پروگرام اور کرغزستان کی ثقافت ، اطلاعات و سپورٹس اور یوتھ پالیسی کےمابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے گئے ۔بشکیک اور اسلام آباد کے مابین سسٹر سٹی تعلقات کے قیام کیلئے معاہدے پر وزیر مملکت طلال چوہدری اور بشکیک کے میئر نے دستخط کئے ۔اس کےعلاوہ ثقافت کے شعبے میں بھی معاہدہ ہوا جس پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور کرغزستان کے وزیر ثقافت و اطلاعات نے دستخط کئے ۔ آلات جراحی کے شعبے میں تعاون کیلئے مفاہمتی یادداشت پر وزیر مملکت برائے صحت ڈاکٹر مختار احمد ملک اور کرغزستان کے وزیر خارجہ نے دستخط کئے ۔ سیاحت کے شعبےمیں تعاون کیلئے مفاہمتی یادداشت پر وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ رانا ثناء اللہ خاں اور کرغزستان کے وزیر تجارت و معیشت نے دستخط کئے۔زراعت کے شعبےمیں تعاون کیلئےمفاہمتی یادداشت پر وفاقی وزیر احد خان چیمہ اور کزغزستان کے وزیر خارجہ نے دستخط کئے ۔











