وفاقی وزیرِ سائنس و ٹیکنالوجی خالد حسین مگسی سے کوئیکا کے صدر کی قیادت میں کوریائی وفد سے ملاقات

14

اسلام آباد۔4دسمبر  (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی خالد حسین مگسی سے کورین تعاون ایجنسی (کوئیکا) کے صدر چانگ وون سام کی قیادت میں اعلیٰ سطحی کوریائی وفد نے ملاقات کی۔ اس دورانپاکستان اور کوریا کے درمیان سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفاقی وزیر خالد مگسی نے اس موقع پر بتایا کہ کوئیکا کے صدر پاکستان-کوریا ٹیسٹنگ لیبارٹری برائے پی وی ماڈیولز اور آلات کے افتتاح کے لیے پاکستان میں موجود ہیں، جبکہ ملک کے مختلف حصوں میں کوئیکا کے دیگر ترقیاتی منصوبے بھی جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک پاکستانی عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنانے اور پائیدار ترقیاتی اہداف (ایس ڈی جیز) کے حصول کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں، اور تمام منصوبوں کو کامیابی سے مکمل کرنے کے لیے کوریائی وفد نے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

اس موقع پر کوئیکا کے صدر نے کہا کہ کوریا پاکستان کے لیے طویل المدتی اور باہمی پائیدار شراکت دار ہے، جبکہ سیاسی قیادت اور انسانی وسائل پر توجہ اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔