اسلام آباد، 04 دسمبر (اے پی پی ): وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ این ایف سی کا کردار ملک میں وسائل کی منصفانہ تقسیم، مالیاتی استحکام اور پائیدار معاشی ترقی کے لیے بنیادی اہمیت رکھتا ہے، جبکہ قیاس آرائیوں اور خدشات کا بہترین حل مخلصانہ اور شفاف مکالمہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم یہاں کھلے ذہن اور بغیر کسی تعصب کے ایک دوسرے کی بات سننے کے لیے موجود ہیں تاکہ قومی مفاد میں بہترین فیصلے کیے جا سکیں۔
آج بروز جمعرات وزارت خزانہ پاکستان میں منعقدہ 11ویں نیشنل فنانس کمیشن کے افتتاحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سینیٹر محمد اورنگزیب نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت صوبوں کے مؤقف کو پوری سنجیدگی سے سننے کے لیے موجود ہے اور امید ہے کہ تمام صوبے بھی باہمی تعاون اور تعمیری جذبے کے ساتھ اس آئینی عمل کو آگے بڑھائیں گے۔











