کمشنر راولپنڈی انجینئر عامر خٹک کا ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی کا دورہ

16

 

راولپنڈی،4دسمبر(اے پی پی):کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے جمعرات کو ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی آفس کا دورہ کیا، ایم ڈی ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی اور دیگر سٹاف نے کمشنر راولپنڈی کا استقبال کیا۔

اس دوران ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی کے زیر انتظام راولپنڈی شہر میں جاری پارکوں اور گرین بیلٹس کی بیوٹیفیکیشن اور اپگریڈیشن کے حالیہ اور مستقبل کے منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا،کمشنر راولپنڈی نے شہر کو خوبصورت اور سر سبز بنانے کے حوالے سے ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی کی کاوشوں کی تعریف کی اور ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی کے زیر انتظام گورکھ پور نرسری میں پودوں اور پھولوں کی افزائش کے عمل کو سراہتے ہوئے نرسری میں افزائش کے عمل کو مزید موثر بنانے پر زور دیا۔

کمشنر راولپنڈی نے  شہر میں سر سبز ماحول کے فروغ کے لیے مزید اقدامات اٹھانے ،میٹرو ٹریک کے پلرز کو بیوٹیفائی کرنے اورپارکوں کی سکیورٹی اور خوبصورتی کو بہتر بنانے کے لیے ضروری ہدایات دیں۔

شجرکاری مہم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے عامر خٹک کا کہنا تھا کہ  ایسے پودے لگائے جائیں جو زیادہ سے زیادہ نشوونما پائیں اور پھر باقاعدہ ایک مربوط نظام کے تحت ان کی نگہداشت کے کام کو بھی سرانجام دیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پارکوں میں معذور افراد کے لیے خصوصی طور پر سہولیات فراہم کی جائیں اور عوام کو بہترین تفریحی سہولتوں سے آراستہ کیا جائے۔

اس موقع پر احمد حسن رانجھا نے عزم کا اظہار کیا کہ ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی عوام کی خدمت کے جذبے سے سرشار ہے اور راولپنڈی کو پنجاب حکومت کے وژن کے مطابق سر سبز شہر بنائیں گے۔