اسلام آباد،5دسمبر (اے پی پی):حکومت پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے درمیان جمعہ کو تین اہم منصوبوں پر دستخط کیے گئے۔
وزارت اقتصادی امور ڈویژن کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق کراچی-روہڑی سیکشن مین لائن-ونکے لیے پروجیکٹ ریڈینیس فنانسنگ، کوئٹہ بس ریپڈ ٹرانزٹ (کوئٹہ بی آر ٹی) کے لیے پروجیکٹ ریڈینیس فنانسنگ، اور بلوچستان واٹر ریسورسز ڈویلپمنٹ سیکٹر پروجیکٹ کی اضافی فنانسنگ شامل ہیں ۔یہ منصوبے ملک میں بنیادی سہولیات کے شعبوں جیسے کہ رابطہ کاری، شہری ٹرانسپورٹ اور پانی کے وسائل میں ترقی کے لیے اہم اقدامات ہیں۔
سیکریٹری وزارت اقتصادی امور ڈویژن محمد حمیر کریم نے اے ڈی بی کے قابل اعتماد ترقیاتی شراکت دار کے کردار اور پاکستان کی ترقیاتی ضروریات کی تکمیل میں اس کے مستقل تعاون کو سراہا۔
انہوں نے ان اہم منصوبوں کے لیے اے ڈی بی کی معاونت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبے پاکستان کی طویل المدتی اور پائیدار اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے، کوئٹہ شہر کی شہری انفراسٹرکچر ضروریات کو پورا کریں گے اور بلوچستان میں زرعی پیداواریت کو بہتر بنائیں گے۔انہوں نے وزارت ریلوے اور حکومت بلوچستان کی کوششوں کو بھی سراہا اور منصوبوں کی موثر و بروقت تکمیل کے لیے فراہم کردہ فنانسنگ کے بہترین استعمال پر زور دیا۔
اے ڈی بی کی کنٹری ڈائریکٹر ایما فین نے حکومت پاکستان کی جانب سے ان منصوبوں کے لیے مضبوط عزم کی تعریف کی۔ انہوں نے بلوچستان سے متعلق دو منصوبوں کی اہمیت اجاگر کی اور ریلوے امپرومینٹ پروجیکٹ پی آر ایف کو ریلوے کی جدیدیت کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔ انہوں نے وزارت اقتصادی امور اور دیگر شراکت داروں کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا تاکہ اے ڈی بی کی معاونت پاکستان کی ترقیاتی ترجیحات سے ہم آہنگ رہے۔











