ایف پی سی سی آئی کا  ایک ہزار صنعتی  وتجارتی رہنماؤں کے لیے ویب بیسڈ ٹریننگ پروگرام کا آغاز

11

اسلام آباد، 9 دسمبر (اے پی پی ):فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) نے ٹی وی ای ٹی  سیکٹر سپورٹ پروگرام کی معاونت سے ملک بھر میں 1,000 صنعتی و تجارتی رہنماؤں کے لیے ویب بیسڈ ٹریننگ پروگرام کے تاریخی آغاز کا اعلان کیا ہے۔ اس پروگرام کو یورپین یونین اور جرمنی کی مشترکہ فنڈنگ حاصل ہے۔

ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شیخ کے مطابق اسلام آباد میں منعقد ہونے والی پہلی سالانہ کانفرنس

“کو-کریئیٹنگ پاکستانز ٹی وی ای ٹی سسٹم فار فیوچر ریڈی ورک فورس”نہایت کامیاب رہی، جس میں ملک بھر کی نمایاں تجارتی تنظیموں نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ کانفرنس نوجوانوں کی مہارتوں اور صنعت کی ضروریات کے درمیان موجود خلا کو کم کرنے کی طرف اہم قدم ہے۔

یورپین یونین کے سفیر رائمونڈس کاروبلس (Raimundas Karoblis) نے پاکستان کے لیے ٹی وی ای ٹی تعاون کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ معاشی مسابقت تربیت یافتہ ورک فورس سے مشروط ہے، اور یہ شراکت پاکستان کے تربیتی اداروں کو عالمی معیار کے گریجویٹس تیار کرنے میں مدد دے گی۔

کانفرنس میں قابلِ تجدید توانائی، آئی ٹی، ٹیکسٹائل، زراعت اور مہمان نوازی سمیت آٹھ ترقیاتی شعبوں کے نمائندگان نے اسکل ڈیولپمنٹ کے لیے مشترکہ لائحہ عمل پر گفتگو کی۔

ایف پی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر ثاقب فیاض مگوں نے مہارت کے فقدان کو دور کرنے اور مارکیٹ کی ضرورت کے مطابق ورک فورس تیار کرنے پر زور دیا۔

خواتین کی معاشی شمولیت اور گرین اسکلز کو بھی کانفرنس میں خصوصی اہمیت دی گئی۔ ایف پی سی سی آئی کی نائب صدر قرۃ العین نے وومن چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری سے اپیل کی کہ وہ ٹریننگ پروگرامز میں بھرپور شرکت کریں، تاکہ پائیدار ترقی کے اہداف حاصل کیے جا سکیں۔

نیوٹیک (NAVTTC) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر محمد عامر جان نے کہا کہ ٹی وی ای ٹی نظام کی کامیابی نجی اور سرکاری شعبے کی مضبوط شراکت داری سے وابستہ ہے۔

ایف پی سی سی آئی کے نائب صدور طارق جدون، امان پراچہ اور عون علی سید نے جی ایس پی پلس پروگرام سے بہتر فائدہ اٹھانے اور صنعتی ورکرز کی اپ اسکلنگ کے ذریعے برآمدات میں تنوع لانے پر زور دیا۔