راولپنڈی ،9دسمبر(اے پی پی):فیلڈ مارشل سید عاصم منیر،، چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز نے اسلام آباد میں جمہوریہ انڈونیشیا کے صدر پرابوو سوبیانتو سے ملاقات کی۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی اور دوطرفہ دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں اطراف نے دونوں برادر ممالک کی مسلح افواج کے درمیان موجودہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
معزز مہمان نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا اور علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کے کردار کا اعتراف کیا۔
چیف آف آرمی سٹاف اور سی ڈی ایف نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان انڈونیشیا کے ساتھ اپنےدیرینہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور تربیت، انسداد دہشت گردی اور استعداد کار بڑھانے کے شعبوں میں دفاعی تعاون کو بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔











