صدر مملکت سے جبوتی کیلئے سفیر اقصیٰ نواز کی ملاقات

20

اسلام آباد: 9 دسمبر ( اے پی پی): صدر پاکستان آصف علی زرداری سے جبوتی کیلئے  سفیر اقصیٰ نواز نے ملاقات کی۔  ملاقات میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے  سفیر کو نئی ذمہ داری سنبھالنے پر مبارک دی اور کہا کہ جبوتی پاکستان کی افریقہ پالیسی کا اہم حصہ ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے جبوتی کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط کرنے کا عزم کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے 2022 میں جبوتی میں مشن کھول کر اپنی طویل المدتی وابستگی کا ثبوت دیا ہے۔ صدر پاکستان نے جبوتی کے ساتھ زراعت، تعلیم، سیاحت اور تجارت میں تعاون بڑھانے کی ہدایت بھی کی ۔

 انہوں نے جبوتی کے ساتھ مشترکہ ایمان، ثقافتی رابطوں پر زور دیتے ہوئے دو طرفہ تعلقات گہرے کرنے کا اعادہ کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور جبوتی کے درمیان اقوام متحدہ اور او آئی سی میں بہتر رابطہ کاری خوش آئند ہے۔