سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی انسدادِ بدعنوانی آگاہی  واک 20025  میں شرکت

10

اسلام آباد، 10 دسمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے نیشنل اکاؤنٹیبلٹی بیورو (نیب) کے زیرِ اہتمام اسپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں منعقدہ انسدادِ بدعنوانی آگاہی واک 2025 میں شرکت کی۔ آگاہی  واک میں وفاقی وزراء، اراکینِ قومی اسمبلی، اعلیٰ سرکاری افسران اور نامور شخصیات نے شرکت کی۔

شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ نیب بطور ایک  سیاسی انتقام کے ادارے سے  بدل  کر کارکردگی پر مبنی ادارہ بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ داخلی اصلاحات اور مؤثر احتسابی نظام کے ذریعے نیب نے اپنی ساکھ اور وقار بحال کر لیا ہے۔

سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ قومی اسمبلی اب بدعنوانی کے خلاف جدوجہد میں نیب کی فعال شراکت دار بن چکی ہے اور پارلیمنٹ کے اندر بھی داخلی احتسابی عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے نیب کی جانب سے شفافیت، کارکردگی اور بدعنوانی کے خلاف مؤثر اقدامات کو سراہا۔سپیکر قومی اسمبلی نے نیب کی حالیہ کامیابیوں کو سراہتے ہوئے ادارے کی جانب سے 40 ارب روپے کی ریکوری پر خراجِ تحسین پیش کیا۔

 انہوں نے کہا کہ نیب اب کاروباری برادری کے لیے سہولت فراہم کرنے والا ادارہ بن چکا ہے، جس سے معاشی سرگرمیوں میں آسانی اور عوامی اعتماد کی بحالی ممکن ہوئی ہے۔سپیکر قومی اسمبلی نے  مزید کہا کہ بدعنوانی ہمارے معاشرے کی ایک سنگین سماجی برائی بن چکی ہے اور اس کے خاتمے کے لیے اجتماعی قومی کوششوں کی  ضرورت ہے۔

چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد نے تقریب میں شرکت پر اسپیکر قومی اسمبلی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ بدعنوانی کے خلاف جنگ ایک مشترکہ قومی ذمہ داری ہے اور اس مقصد کے لیے پورے معاشرے کے اتحاد کی ضرورت ہے۔چیئرمین نیب نے  کہا کہ نیب کی کامیابیاں خود گواہ ہیں۔ گزشتہ ڈھائی برسوں کے دوران نیب نے ایک لاکھ اکیس ہزار سے زائد متاثرہ شہریوں کو ریلیف فراہم کیا، جبکہ شفافیت اور کارکردگی میں اضافے کے لیے مصنوعی ذہانت پر مبنی احتسابی نظام بھی مؤثر انداز میں نافذ کیا گیا ہے۔

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے لینڈ مافیا کے خلاف اقدامات کو بھی سراہا اور کہا کہ ایسے اقدامات شہریوں کے حقوق کے تحفظ اور بہتر طرزِ حکمرانی کے لیے نہایت اہم ہیں۔