وزیر اعظم محمد شہباز شریف ترکمانستان کے صدر سردار بردی محمدوف کی دعوت پر دو روزہ سرکاری دورے پر اشک آباد پہنچ گئے

15

اشک آباد۔11دسمبر  (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف ترکمانستان کے صدر سردار بردی محمدوف کی دعوت پر دو روزہ سرکاری دورے پر اشک آباد پہنچ گئے۔

 اشک آباد انٹرنیشنل ائیر پورٹ پہنچنے پر ترکمانستان کی کابینہ کے نائب چیئرمین اور ٹرانسپورٹ و مواصلات کے سربراہ محمد خان چیکیئف نے وزیر اعظم و پاکستانی وفد کا استقبال کیا جبکہ روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے اپنے مخصوص ثقافتی انداز میں وزیر اعظم کو خوش آمدید کہا اور گلدستہ پیش کیا۔

 دورے کے دوران وزیر اعظم ترکمانستان کے صدر سردار بردی محمدوف سے دو طرفہ ملاقات کریں گے۔ وزیر اعظم  (جمعہ کو) اشک آباد میں منعقدہ بین الاقوامی سال برائے امن و اعتماد ، عالمی دن برائے غیر جانبداری اور ترکمانستان کی تیس سالہ مستقل غیر جانبداری کی سالگرہ کے حوالے سے منعقدہ فورم میں شرکت کریں گے۔

نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وفاقی وزیر پاور ڈویژن سردار اویس خان لغاری، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، معاونین خصوصی طارق فاطمی اور طلحہ برکی وزیر اعظم کے ہمراہ وفد میں شریک ہیں۔