ملکی سطح پر زیتون کی پیداوار کے حصول سے اربوں روپے کے درآمدی اخراجات بچائے جا سکتے ہیں،رانا تنویر حسین

21

اسلام آباد,12دسمبر  (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ ملکی سطح پر زیتون کی پیداوار   کے حصول  سے اربوں روپے کے درآمدی اخراجات بچائے جا سکتے ہیں۔جمعہ کو ساتویں نیشنل اولیو گالا میں بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر ملک بھر سے کسان، ماہرینِ زراعت، تحقیقی اداروں کے نمائندگان اور نجی شعبے کے شراکت داروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کا موسم اعلیٰ معیار کی زیتون کاشت کے لیے نہایت موزوں ہے، اور خوش آئند بات یہ ہے کہ زیتون اب ایک تجرباتی سرگرمی نہیں رہا بلکہ ایک تیزی سے ابھرتی ہوئی صنعت کی شکل اختیار کر چکا ہے۔رانا تنویر حسین نے کہا کہ زیتون کے شعبے  سے ملک بھر میں ہزاروں کسانوں کو نہ صرف منافع بخش روزگار میسر آ رہا ہے بلکہ یہ ذریعہ معاش موسمیاتی تبدیلی کے مقابلے میں بھی زیادہ محفوظ ہے۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پاکستان خطے میں زیتون کی کاشت، پروسیسنگ اور ویلیو ایڈیشن کا اہم مرکز بننے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک میں زیتون کے فروغ سے خوردنی تیل کی درآمد میں نمایاں کمی لائی جا سکتی ہے، جبکہ دیہی معیشت میں خاطر خواہ اضافہ ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسان ہماری ریڑھ کی ہڈی ہیں، انہیں ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔ حکومت معیاری پودوں کی فراہمی، جدید تحقیق اور آئل ایکسٹریکشن سہولیات کو مزید بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہے۔رانا تنویر حسین نے کہا کہ زیتون پاکستان کی ایک سٹریٹجک فصل بن چکا ہے، جو پانی کی کمی والے علاقوں کے لیے انتہائی موزوں ہے اور موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز کا بہترین حل پیش کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ زیتون کی کاشت نہ صرف دیہی معیشت کو تقویت دے رہی ہے بلکہ نوجوانوں اور خواتین کے لیے بھی ویلیو چیـن میں بے شمار کاروباری مواقع پیدا کر رہی ہے۔وفاقی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ ملک میں تیار ہونے والا زیتون کا تیل ایک صحت مند، معیاری اور مقامی طور پر دستیاب بہترین متبادل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس شعبے کے فروغ کے نتیجے میں ملکی سطح پر زیتون سے اربوں روپے کے درآمدی خراجات بچائے جا سکتے ہیں۔ رانا تنویر حسین نے کہا کہ پاکستان کا اولیو ہب بننے کا سفر تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے اور حکومت اس سفر کو مزید تقویت دینے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔