اسلام آباد میں ساتویں گرینڈ نیشنل اولیو گالا 2025 کا آغاز

12

اسلام آباد، 12دسمبر(اے پی پی):آج اسلام آباد میں ساتویں گرینڈ نیشنل اولیو گالا 2025 کا آغاز ہوا۔ تین روزہ یہ ایونٹ پاکستان میں زیتون کی کاشت، فوڈ ویلیو ایڈیشن اور زرعی معیشت میں نئی جدتوں کو فروغ دینے کے لیے منعقد کیا گیا ہے۔

اس گالا کا بنیادی مقصد ملک میں زیتون کی پیداوار بڑھانا، جدید ٹیکنالوجی متعارف کرانا اور اس صنعت سے جڑے تمام شعبوں کو مضبوط بنانا ہے۔ یہاں کسانوں، ماہرین، انٹرپرینیورز اور سرمایہ کاروں کو ایک ایسا مشترکہ پلیٹ فارم فراہم کیا جا رہا ہے جہاں وہ نئے طریقۂ کاشت، پروسیسنگ کے جدید حل، اور مارکیٹ تک رسائی کے مواقع سے فائدہ اٹھا سکیں۔

یہ پروگرام نوجوان کاروباری افراد کے لیے بھی ایک اہم موقع ہے، جہاں وہ اپنی مصنوعات، آئیڈیاز اور اسٹارٹ اپس سرمایہ کاروں کے سامنے پیش کر کے نئے دروازے کھول سکتے ہیں۔ فوڈ پروسیسنگ، آئل ایکسٹریکشن، نرسری ڈیولپمنٹ، کاسمیٹکس اور ایگرو بیسڈ صنعتوں کے کئی شعبے اس گالا میں نمایاں طور پر اجاگر کیے جا رہے ہیں۔

گالا کا مقصد پاکستان میں سرمایہ کاری کے نئے راستے پیدا کرنا بھی ہے، جہاں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو زیتون کے شعبے میں موجود بے پناہ مواقع، کاروباری امکانات اور مستقبل کی ویلیو ایڈڈ مارکیٹ سے روشناس کرایا جا رہا ہے۔تین روزہ اولیو گالا کا ہر دن نئے مواقع، نئی پارٹنرشپس اور زرعی مستقبل کی طرف ایک مضبوط قدم ہے۔

گرینڈ نیشنل اولیو—یعنی زیتون—گالا 2025… جہاں پاکستان کی زراعت، صنعت اور کاروبار ایک نیا رخ اختیار کر رہے ہیں۔