چیئرمین سی ڈی اے کا ممبر انجینئرنگ اور متعلقہ افسران کے ہمراہ “آسان خدمت مرکز” بلڈنگ منصوبے کا دورہ

14

اسلام آباد، 15 دسمبر ( اے پی پی): چیئرمین سی ڈی اے  محمد علی رنداوا نے ممبر انجینئرنگ اور متعلقہ افسران کے ہمراہ “آسان خدمت مرکز” بلڈنگ منصوبے کا دورہ کیا۔ اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے  نے “آسان خدمت مرکز” بلڈنگ منصوبے کے تعمیر و مرمت اور تزئین و آرائش کے کاموں میں ہونے والی پیش رفت کا معائنہ  کیا۔

متعلقہ افسران  کی جانب سے چیئرمین سی ڈی اے کو “آسان خدمت مرکز” منصوبے کے تعمیراتی کاموں میں ہونے والی پیش رفت پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ  “آسان خدمت مرکز” منصوبے کا مجموعی طور پر 95 فیصد سے زائد تعمیراتی کاموں کو مکمل کرلیا گیا ہےاور فنشنگ ورک کا آغاز کردیا گیا ہے، “آسان خدمت مرکز” پر زیر تعمیر فلورز کی صفائیوں کا کام بھی تیزی سے جاری ہے، اسی طرح فرینچر سمیت دیگر ضروری کاموں کو بھی ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جارہا ہے۔

بریفنگ  میں مزید بتایا گیا کہ “آسان خدمت مرکز” منصوبے کی جلد تکمیل کو یقینی بنانے کیلئے تعمیراتی سرگرمیاں 24/7 جاری ہیں، منصوبے کو  جلد ہی مکمل کرکے عام شہریوں کیلئے کھول دیا جائے گا، “آسان خدمت مرکز” میں  عوامی خدمات و سہولیات کی فراہمی کیلئے جدید ٹیکنالوجی کو استعمال میں لایا جارہا ہے۔

 اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ “آسان خدمت مرکز” کے قیام سے اسلام آباد کے شہریوں کو کئی محکموں کی تقریباً سو سے زائد سروسز و سہولیات کا حصول ایک چھت تلے ممکن ہوگا، “آسان خدمت مرکز” میں سی ڈی اے کی ون ونڈو فیلیٹیشن سینٹر کی خدمات بھی فراہم کی جائے گی۔ چیئرمین سی ڈی اے  نے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ “آسان خدمت مرکز” منصوبے کی تکمیل میں کوالٹی کے اعلیٰ معیار پر کسی بھی قسم کا کوئی سمجھوتہ ہرگز برداشت نہیں کیا جائےگا۔