وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت دانش یونیورسٹی کے بورڈ آف ٹرسٹیز کا اجلاس

24

اسلام آباد، 15 دسمبر (  اےپی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت دانش یونیورسٹی کے بورڈ آف ٹرسٹیز کا اجلاس منعقد ہوا۔  اس موقع پر وزیراعظم نے بورڈ آف ٹرسٹیز کے چیئرمین اور اراکین کو اجلاس میں خوش آمدید کہا اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔  وزیراعظم  نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آپ کی کاوشیں علم کی روشنی پھیلانے میں اہم کردار ادا کریں گی ۔ دانش یونیورسٹی ٹیکنالوجی اور جدید علوم کے فروغ پر توجہ مرکوز کرے گی ۔وزیراعظم  نے دانش یونیورسٹی کی عمارت کو سادہ اور پر وقار طرز پر تعمیر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دانش یونیورسٹی میں اعلیٰ معیار کی ریسرچ اور فیکلٹی کو تعینات کرنے کے لئے حکمت عملی بنائی جائے ۔ وزیراعظم  نے دانش یونیورسٹی میں داخلے کے حوالے سے ملک بھر کے دور دراز کے علاقوں، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے لائق اور مستحق طلباء کو موقع دینے کی ہدایت  بھی کی۔

اجلاس کو دانش یونیورسٹی کے حوالےسے جاری کام پر بریفنگ  میں بتایا گیا کہ دانش یونیورسٹی پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کا قیام عمل میں لایا جا چکا ہے ۔ دانش یونیورسٹی کا چارٹر وزارت قانون و انصاف سے منظور ہو چکا ؛ منظوری کے لئے کابینہ اور پارلیمنٹ کو بھیجا جائے گا۔ دانش یونیورسٹی کے حوالے سے ملک بھر میں  آؤٹ ریچ پروگرام شروع کیا جا رہا ہے۔ دانش یونیورسٹی میں ابتدائی طور پر عصری تقاضوں سے ہم اہنگ سینٹر آف ایکسیلینس قائم کیا جائے گا۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ ملک بھر کے مستحق طلباء کے لئے دانش یونیورسٹی میں داخلے کے حوالے سے ٹریننگ کیمپس شروع کئے جائیں گے۔ یونیورسٹی کے ایکڈمک وژن کے حوالے سے بین الاقوامی شہرت یافتہ ماہرین تعلیم سے رابطہ کیا گیا ہے۔

اجلاس میں وفاقی وزیر تعلیم و فنی تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی ،  وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ اور دانش یونیورسٹی کے بورڈ آف ٹرسٹیز کے چیئرمین ، اراکین اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔