اسلام آباد،18 دسمبر(اے پی پی ): وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ دنیا میں ٹیکنالوجی نے نیا انقلاب پیدا کر دیا ہے، یونیورسٹیوں کو نئی معیشت کے تقاضوں کے مطابق خود کو ڈھالنا ہے، اڑان پاکستان کا مقصد یونیورسٹیوں کو ٹیلنٹ اور جدت کی فیکٹری بنانا ہے۔
نیشنل لیڈرشپ ڈائیلاگ کی تقریب سے خطاب میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ یونیورسٹیوں کو کتابی ریسرچ نہیں بلکہ قومی ترقی کے لئے کارآمد ریسرچ پیدا کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی ریسرچ کو سٹارٹ اپ اور کمرشل مصنوعات میں تبدیل کرنے کا نظام مضبوط کرنا ہے، وژن 2010 اور وژن 2025 سے اربوں روپوں کی سرمایہ کاری سے ہزاروں پی ایچ ڈیز تیار کئے گئے ہیں ۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ ملک بھر میں جامعات کا جال پھیلایا گیا ہے، اعلیٰ تعلیم کے نظام کو اب معیشت سے جوڑنا ترجیح ہے، یونیورسٹیوں کو پاکستان کی انڈسٹری، زراعت، ٹیکنالوجی اور مستقبل کے مسائل کا حل دینا ہے۔انہوں نے کہا کہ کیمرج یونیورسٹی سے اعلیٰ تعلیم میں انوویشن اور سٹارٹ اپ نظام کے فروغ کے لئے معاہدہ کیا ہے۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک کی یونیورسٹیاں علم و تحقیق کے ذریعے نئے آئیڈیاز کی تخلیق کا مرکز ہوتی ہیں، ہمیں اپنی مصنوعات میں ویلیو ایڈیشن اور برانڈنگ کر کے برآمدات ہو بڑھانا ہے، یونیورسٹیوں کو ٹیلنٹ کی تیاری کا عملی مرکز بنائیں گے۔انہو ں نے کہا کہ یونیورسٹیاں محض نصابی سرگرمیوں تک محدود نہ رہیں بلکہ قومی و اقتصادی ترقی میں فعال کردار ادا کریں، تعلیمی معیار کو بڑھانے کے لئے سات نکاتی ایجنڈا پر کام کررہے ہیں ۔











