وفاقی وزیر منصوبہ بندی پروفیسر احسن اقبال  کی نومبر 2025 میں پاکستان کی معاشی کارکردگی پر میڈیا سے گفتگو

17

اسلام آباد، 18 جولائی ( اےپی پی): وفاقی وزیر منصوبہ بندی پروفیسر احسن اقبال نے نومبر 2025 میں پاکستان کی معاشی کارکردگی پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جولائی تا نومبر مالی سال 2025-26 کے دوران پاکستان کی معیشت میں استحکام آیا، مہنگائی کی شرح اوسطاً 5 فیصد رہی، جو  کہ گزشتہ سال 7.9 فیصد تھی۔ بڑے پیمانے کی صنعت  میں 4.1 فیصد نمو ریکارڈ کی گئی، جو صنعتی سرگرمیوں میں بحالی کا واضح ثبوت ہے۔

احسن اقبال  نے کہا کہ ایف بی آر کی محصولات جولائی تا نومبر 4,733 ارب روپے تک پہنچ گئیں، جو 10.2 فیصد اضافے کو ظاہر کرتی ہیں، آئی ٹی سروسز کی برآمدات میں 19 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا،  آئی ٹی سروسز کی برآمدات 1.8 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔ترسیلات زر 16.1 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، جن میں 9.3 فیصد اضافہ ہوا۔

انہوں نے کہا کہ ترقیاتی بجٹ کے تحت اس سہہ ماہی میں 196 ارب روپے جاری کیے گئے، جن میں سے 92 ارب روپے خرچ کیے جا چکے ہیں۔ نومبر 2025 میں سی ڈی ڈبلیو پی کے اجلاسوں میں 10 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی گئی جبکہ 6 بڑے منصوبے ایکنک کو بھجوا دیے گئے۔

وفاقی وزیرنے مزید کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں غیر ضروری اخراجات ختم کر کے جولائی تا اکتوبر 2025 کے دوران 3.3 ارب روپے کی بچت کی گئی، منظور شدہ منصوبوں سے 994 فوری ملازمتیں پیدا ہوں گی،  مجموعی طور پر تقریباً 24,859 براہِ راست اور 40,873 بالواسطہ روزگار کے مواقع متوقع ہیں، گرین بلڈنگ کوڈ کو تمام آئندہ ترقیاتی منصوبوں کے لیے لازمی قرار دیا گیا ہے تاکہ ماحولیاتی تحفظ اور پائیدار ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔

احسن اقبال نے کہا کہ  اُڑان پاکستان کے تحت آکسفورڈ اور کیمبرج یونیورسٹیوں کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے تحقیق، ٹیکنالوجی اور اختراع کو فروغ دیا جا رہا ہے، آئی ٹی انڈسٹری کی بحالی کے منصوبے کے تحت 20 ہزار سے زائد نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی کی تربیت دی جا رہی ہے اور 14 ہزار سے زائد نئی ملازمتیں پیدا ہوں گی۔