اسلام آباد، 19 دسمبر (اے پی پی): وفاقی وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی سے ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کی ڈائریکٹر جنرل لیہ گوتیریز نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ملاقات کی جس میں مین لائن ون منصوبے کی اپ گریڈیشن پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ ML-1 پاکستان ریلوے کی مرکزی شریان ہے جو ملک میں 80 فیصد مسافر اور 90 فیصد فریٹ ٹریفک کو سہولت فراہم کرتی ہے۔ موجودہ انفراسٹرکچر کی حالت کے پیش نظر ML-1 کی فوری اپ گریڈیشن کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
وفاقی وزیر نے ML-1 کو قومی معیشت کے لیے کلیدی منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے ریلوے نظام کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئے گی اور تجارتی و معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے ML-1 منصوبے میں تعاون اور پیش رفت پر اعتماد کا اظہار کیا گیا۔ ملاقات میں دونوں فریقین نے ML-1 منصوبے کی گراؤنڈ بریکنگ جولائی 2026 میں کرنے پر اتفاق کیا۔











