لاہور ۔20دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ معاشی ترقی کے لئے برآمدات میں اضافہ ناگزیر ہے،حکومت برآمدات میں اضافے کے لئے کاروباری افراد اور برآمد کنندگان کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ملکی برآمدات سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے فروغ کے لئے ترجیحی بنیادوں پر کام کرنا ہو گا تاکہ برآمدات کے شعبے میں وسعت کے ساتھ ساتھ روزگار کے مواقع بھی بڑھیں۔
وزیراعظم نے وفاقی وزراء برائے تجارت، صنعت و پیداوار اور قومی غذائی تحفظ کو مختلف صنعتی و تجارتی شہروں میں برآمدکنندگان سے ملاقاتوں کی ہدایت کی اور کہا کہ کولڈ چین اور صنعت و تجارت سے منسلک دیگر شعبوں کے فروغ کے لئے صوبوں سے روابط مزید بہتر بنائے جائیں۔اجلاس میں وزیراعظم کو مالی سال 26-2025کی برآمدات و درآمدات پر بریفنگ دی گئی۔











