وزیراعظم کی زیرِ صدارت توانائی کے شعبے میں معاشی ترقی کیلئے قائم کردہ نجی شعبہ ورکنگ گروپ کا اجلاس

19

اسلام آباد, 22 دسمبر، ( اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت معاشی ترقی کے لیے توانائی کے شعبے کے حوالے سے تشکیل دی گئی نجی شعبے کی ورکنگ گروپ کا اجلاس منعقد ہوا ۔

اجلاس میں وزیراعظم کو معاشی ترقی کے لیے توانائی کے شعبے میں اصلاحات کے حوالے سے سفارشات پیش کی گئیں۔

اس موقع پر وزیراعظم نے وزیر پاور ڈویژن کو بجلی کے  ویلنگ چارجز کو مناسب سطح پر لانے کے لیے  اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے سفارشات  پیش کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ دیگر شعبوں میں بنائی گئی مختلف ورکنگ گروپس کی سفارشات مکمل ہونے کے بعد معیشیت کی ترقی کا قومی پروگرام ترتیب دیا جائےگا۔بجلی کے ترسیل کے نظام کو بہتر کرنے کے لیے حکومت کی تمام توجہ مرکوز ہے۔ بھرپور کوشش ہے کہ صنعتوں کو علاقائی مسابقتی نرخوں پر  بجلی ملے۔

 اجلاس میں وزیراعظم نے شہزاد سلیم کی سربراہی میں  نجی شعبے سے مشاورت کے حوالے سے بنائی گئی توانائی کی  کمیٹی کی محنت اور کاوشوں کی  تعریف کی۔ اجلاس میں ٹیرف اسٹرکچر،  بجلی کی ترسیل کے حوالے سے مشکلات، مناسب نرخوں اور بجلی کے شعبے سے متعلق دیگر امور پر سفارشات پیش کی گئیں۔ اجلاس کو بجلی کی ٹرانسمشن اور وولٹیج کے نظام کو قابل اعتماد بنانے کے حوالے سے بھی سفارشات پیش بھی کی گئیں۔

 اجلاس میں وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ ،  وزیر پاور ڈویژن سردار اویس احمد خان لغاری، وزیر پیٹرولیم  علی پرویز ملک، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی، وزیر اعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران شریک ہوئے۔