اسلام آباد،22 دسمبر(اے پی پی): چیئرمین وزیرِ اعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ حکومت کی پاکستان کی پہلی جامع یوتھ پالیسی کا مقصد نوجوانوں کو قومی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) میں منعقدہ تقریب سے خطاب میں چیئرمین وزیرِ اعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ حکومت نوجوانوں پر سرمایہ کاری کو اپنی ترجیحات میں شامل کر چکی ہے اور وزیرِ اعظم یوتھ پروگرام کے تحت ملک بھر کے نوجوانوں کو اسکالرشپس فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ وہ تعلیم اور مہارتوں کے میدان میں آگے بڑھ سکیں۔
رانا مشہود احمد خان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو میرٹ کی بنیاد پر مساوی مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ ان کی صلاحیتوں کو نکھارا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ایم اور آئی سی سمیت مختلف پلیٹ فارمز نوجوان قیادت کو سامنے لانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور حکومت نوجوانوں کو قومی دھارے میں شامل کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔
چیئرمین یوتھ پروگرام نے مزید بتایا کہ حکومت جلد ہی ای اسپورٹس پالیسی بھی متعارف کرانے جا رہی ہے، جس سے نوجوانوں کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل معیشت کے شعبوں میں نئے مواقع پیدا ہوں گے۔











