کراچی، 23 دسمبر ( اے پی پی): کراچی کے مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ اور فیکلٹی ممبران نے ملیر گیریژن کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پاک فوج کے ساتھ ایک یادگار دن گزارا۔
اس موقع پر جی او سی ملیر گیریژن کراچی کے ساتھ طلبہ و فیکلٹی ممبران کی خصوصی مکالماتی نشست کا اہتمام کیا گیا۔
دورے کے دوران طلبہ اور اساتذہ نے جدید اسلحے، فائرنگ کی عملی مشقوں اور فوجی جوانوں کی جنگی مہارتوں کا مشاہدہ کیا۔ خصوصی نشست میں جی او سی ملیر نے دشمن کے منفی پروپیگنڈے کے مؤثر توڑ کی اہمیت پر تفصیلی روشنی ڈالی اور ففتھ جنریشن وارفیئر کے خطرات سے آگاہ کرتے ہوئے قومی سطح پر فکری تیاری کی ضرورت پر زور دیا۔
طلبہ و اساتذہ نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے قومی یکجہتی کا اظہار کیا۔ ملیر گیریژن میں یادگار دن کے اختتام پر طلبہ اور فیکلٹی ممبران نے پاک فوج کے ساتھ اظہارِ جانثاری اور مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا۔
طلبہ کے اس دورے نے نوجوان نسل میں پاک فوج کے کردار، قربانیوں اور قومی سلامتی سے متعلق شعور کو مزید مضبوط کیا۔











