اسلام آباد ، 23دسمبر(اے پی پی):وفاقی وزیرسرمایہ کاری بورڈقیصراحمدشیخ نے کہاہے کہ پاکستان کی معاشی استحکام کے لیے طویل المدتی پالیسی منصوبہ بندی ناگزیر ہے،بیرون ملک پاکستانیوں کے لیے سہولیات اور مراعات میں توسیع حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے یہ بات منگل کویہاں لتھوانیا کے اعزازی قونصل جنرل مسعود خان سے ملاقات میں کہی۔ملاقات میں سابق ڈائریکٹر پی ٹی وی رشید خان نیازی بھی شریک تھے۔
ملاقات میں ملکی معاشی منظرنامے اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ مہمانوں نے وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ کی جانب سے سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے کوششوں کو سراہا۔
وفاقی وزیرنے کہاکہ لتھوانیا کی برآمدات پر مبنی ترقی ایک کامیاب ماڈل ہے اوراس حوالہ سے تجربات کااستفادہ کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں برآمدات پرمبنی نمو کی ضرورت ہے، سرمایہ کاری، صنعتی ترقی اور روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے نجی شعبے کواپناکلیدی کرداراداکرنا چاہیے۔
ملاقات میں خصوصی اقتصادی زونز پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔ وفاقی وزیرنے کہاکہ بزنس فسیلیٹیشن سینٹر اور آسان کاروبار ایکٹ سرمایہ کار دوست اقدامات ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی معاشی استحکام کے لیے طویل المدتی پالیسی منصوبہ بندی ناگزیرہے اور بیرون ملک پاکستانیوں کے لیے سہولیات اور مراعات میں توسیع حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے کہاکہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں سرمایہ کاری دوست اصلاحات کا تسلسل جاری ہے،سرمایہ کاری بورڈ سرمایہ کاروں کی مکمل سہولت کاری کے لیے پرعزم ہے۔











