صدر مملکت آصف علی زرداری کے اعزاز میں گورنر کربلا کا ظہرانہ

12

کربلا۔23دسمبر  (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری کے اعزاز میں گورنر کربلا ڈاکٹر ناصیف جاسم الخطابی نے منگل کو ظہرانہ کا اہتمام کیا۔اس موقع پر باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جن میں ثقافتی تبادلہ، سیاحت اور تاریخی مقامات کے تحفظ جیسے موضوعات شامل تھے۔

منگل کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت  نے پرتپاک استقبال پر اظہارِ تشکر کیا اور دونوں ممالک کے درمیان مسلسل تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ایسے شہر میں موجود ہونا ان کے لئے بڑے اعزاز کی بات ہے جو اسلام کے چند مقدس ترین مقامات کا میزبان ہے۔

عراق کا یہ دورہ صدر آصف علی زرداری کی خطے میں سفارتی، ثقافتی اور عوامی روابط کو مضبوط بنانے کی وسیع تر کوششوں کا حصہ ہے۔

سینیٹر شیری رحمان،سینیٹر سلیم مانڈوی والا،گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان،سینئر وزیر سندھ شرجیل انعام میمن،صوبائی وزیر سندھ ناصر حسین شاہ کے علاوہ عراق میں پاکستان کے سفیر بھی صدر مملکت کے ہمراہ تھے۔