لاہور، 25 دسمبر (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کیتھیڈرل چرچ میں کرسمس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دی اور اقلیت دوست پنجاب کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے اقلیتی کارڈز کی تعداد 75 ہزار سے بڑھا کر ایک لاکھ کرنے اور پنجاب بھر میں اقلیتوں کے لیے قبرستانوں کے مسئلے کے فوری حل کے احکامات جاری کیے۔مریم نواز شریف نے کہا کہ اقلیت دوست پنجاب نہ صرف ان کا بلکہ پاکستان میں رہنے والے ہر شہری کا خواب ہونا چاہیے، اور اس خواب کو پورا کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پنجاب میں تمام فلاحی پروگرامز بلاامتیاز مذہب جاری ہیں اور کسی منصوبے میں کسی شہری سے اس کے مذہب کے بارے میں سوال نہیں کیا جاتا۔
وزیراعلیٰ نے اقلیتوں کی تعلیم، صحت، عدلیہ، افواج پاکستان اور دیگر شعبوں میں خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ مہذب معاشرے کی پہچان انصاف اور اقلیتوں کے تحفظ سے ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کامیابی کا اصل معیار یہی ہے کہ اقلیتیں خود کو محفوظ محسوس کریں۔مریم نواز شریف نے اعلان کیا کہ اقلیتوں کے لیے بجٹ میں 600 فیصد اضافہ کیا گیا ہے اور یقین دلایا کہ جب تک وہ وزیراعلیٰ ہیں، پنجاب میں کسی اقلیت کے ساتھ زیادتی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی اقلیتی شہری کے ساتھ ناانصافی ہوئی تو ریاست پوری قوت سے اس کا دفاع کرے گی۔











