بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے زیرِ اہتمام شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے 18ویں یومِ شہادت کے موقع پر پروقار تقریب کا انعقاد

15

اسلام آباد، 30دسمبر(اے پی پی):بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے زیرِ اہتمام شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے 18ویں یومِ شہادت کے موقع پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے جبکہ چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد، سیکرٹری عامر علی احمد، افسران اور عملہ بھی موجود تھا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی شہادت نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ انہوں نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو تمام مکاتبِ فکر کے لیے امید، حوصلے اور جرات کی علامت تھیں اور انہوں نے ہمیشہ عوام کے حقوق کے لیے بے خوف آواز بلند کی۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ شہید محترمہ نے اپنے والدِ محترم شہید ذوالفقار علی بھٹو کے عوام دوست مشن کو بصیرت، استقامت اور عزم کے ساتھ آگے بڑھایا۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے وژن کا عملی مظہر ہے، جس کے ذریعے مستحق گھرانوں کی خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بی آئی ایس پی نے خواتین کو گھرانے کی سربراہ کا درجہ دے کر نہ صرف مالی خودمختاری فراہم کی بلکہ شناختی کارڈ کے ذریعے شہری شناخت، مالی شمولیت اور ووٹ کے حق کو بھی مضبوط بنایا۔

تقریب میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی گزشتہ 18 برسوں پر محیط نمایاں کامیابیوں کو اجاگر کیا گیا۔ بتایا گیا کہ آج ایک کروڑ سے زائد مستحق خواتین اس پروگرام سے مستفید ہو رہی ہیں، جبکہ بینظیر تعلیمی وظائف پروگرام کے تحت ایک کروڑ 20 لاکھ سے زائد بچے وظائف حاصل کر رہے ہیں۔ اسی طرح بینظیر ہنرمند پروگرام اور بینظیر نشوونما پروگرام خواتین، ماؤں اور بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے اہم اقدامات ثابت ہو رہے ہیں۔

شرکاء کو آگاہ کیا گیا کہ صدرِ مملکت اور وزیرِ اعظم پاکستان کی ہدایات پر سوشل پروٹیکشن والٹ کے ذریعے دنیا میں پہلی مرتبہ ایک کروڑ مستحق خواتین کو باضابطہ طور پر مالی نظام کا حصہ بنایا جا رہا ہے، جو سماجی تحفظ کے شعبے میں ایک تاریخی سنگِ میل ہے۔

تقریب کے دوران بی آئی ایس پی آفیسر ایسوسی ایشن کے صدر سردار عظمت نے بھی شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر کلام اور نغمے پیش کیے گئے جبکہ تقریب کے اختتام پر چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد نے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔