اسلام آباد، 30دسمبر(اے پی پی):ڈپٹی وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کا اجلاس ہوا۔
اجلاس میں وزارت نجکاری کے سیکرٹری نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز(پی آئی اے )کی نجکاری کے آئندہ لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی۔
کابینہ کمیٹی نے اے ایچ سی کی قیادت میں کنسورشیم کی جانب سے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کے 75 فیصد حصص کے لیے 135 ارب روپے کی بولی کی منظوری دی اور اسے کابینہ کی منظوری کے لیے سفارش کی۔
ڈپٹی وزیرِ اعظم نے متعلقہ حکام سے کہا کہ نجکاری کے عمل کو جلد از جلد مکمل کرنے کے لیے بروقت اقدامات کیے جائیں تاکہ پی آئی اے دوبارہ اپنی سابقہ عظمت کی جانب لوٹ سکے۔
اجلاس میں وزیرِ توانائی، وزیراعظم کے نجکاری، صنعت و پیداوار کے مشیران، خصوصی معاونین طارق باجوا اور بلال کیانی، کابینہ، نجکاری، دفاع، قانون، توانائی اور نجکاری کمیشن کے وفاقی سیکرٹریان، صنعتی شعبے کے اعلیٰ افسران اور دیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔









