وفاقی وزیر برائے تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ کا پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کا دورہ

17

 اسلام آباد، 31 دسمبر (اے پی پی ): وفاقی وزیر برائے تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ نے پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پاکستان بیت المال کے تحت مستحق مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی اور مالی معاونت کے انتظامی و سہولتی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کے موقع پر پاکستان بیت المال کے نمائندے بھی موجود تھے۔

اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز عمران سکندر نے وفاقی وزیر کو مریضوں کی سہولت کاری، علاج کی دستیاب سہولیات اور پاکستان بیت المال کے تعاون سے جاری مالی معاونت کے کیسز پر بریفنگ دی۔ انہیں پمز اور پاکستان بیت المال کے درمیان موجودہ کوآرڈینیشن کے طریقۂ کار سے بھی آگاہ کیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ سال 2024–2025 کے دوران پمز میں 2100 سے زائد مریضوں کو پاکستان بیت المال کے ذریعے معاونت فراہم کی گئی۔

وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ کیس پراسیسنگ کے عمل کو بالخصوص ایمرجنسی اور جان بچانے والے علاج کے کیسز میں مزید تیز اور مریض دوست بنایا جائے۔ انہوں نے پمز اور پاکستان بیت المال کے درمیان رابطہ مزید مؤثر بنانے پر زور دیا اور ہسپتال میں پاکستان بیت المال کا مستقل فیسلیٹیشن کاؤنٹر دوبارہ فعال کرنے کی ہدایت کی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ فیسلیٹیشن کاؤنٹرز پر پاکستان بیت المال کے عملے کی جلد از جلد تعیناتی کو یقینی بنایا جائے، جس پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز عمران سکندر نے فوری عملدرآمد کی یقین دہانی کروائی۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ پاکستان بیت المال اور پمز اپنے تمام پروسیس کو ڈیجیٹل بنائیں، جبکہ مریضوں کو سہولیات کی عدم فراہمی پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔