اسلام آباد، 05 جنوری (اے پی پی ): اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر پاکستان کی نمائندگی کے لیے بنگلہ دیش کا دورہ کیا اور سابق وزیرِاعظم بنگلہ دیش خالدہ ضیا کی نمازِ جنازہ میں عام عوام کے ساتھ شرکت کی۔
سردار ایاز صادق نے بتایا کہ ڈھاکہ میں بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے خود آ کر مصافحہ کیا۔ انہوں نے بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے سربراہ محمد یونس سے ملاقات کی اور پارلیمانی اور عوامی روابط کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ایوان میں اپنے کردار میں مکمل طور پر خودمختار ہیں اور قومی اسمبلی میں کمیٹی نظام آئینی تقاضوں کے مطابق مکمل فعال ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات میں میرا کردار صرف سہولت کار کا ہے۔
سردار ایاز صادق نے بتایا کہ اپوزیشن نے ڈائیلاگ شروع کرنے کے لیے تاحال باضابطہ رابطہ نہیں کیا۔ اپوزیشن لیڈر کی تقرری سے متعلق چیف وہپ کو اب تک چار خطوط ارسال کیے جا چکے ہیں۔ چوتھے خط کے جواب میں اپوزیشن نے فیصلے کی تصدیق شدہ کاپی جمع کروائی۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ پارلیمانی اجلاس میں اپوزیشن لیڈر کی تقرری کا آئینی عمل شروع کیا جائے گا۔ اپوزیشن ارکان کے دستخطوں کی جانچ اور تصدیق کے بعد کارروائی آگے بڑھے گی۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف ایک مدبر، دوراندیش اور زیرک سیاسی رہنما ہیں اور وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف سے تمام آئینی اور قانونی معاملات میں رہنمائی لیتا رہوں گا۔











