پنجاب میں سڑکوں، پانی اور عوامی سہولیات کے میگا منصوبے، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی صدارت میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ سے متعلق تیسرے جائزہ اجلاس میں اہم فیصلے

8

لاہور، 4 جنوری(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبہ بھر میں سڑکوں، مکانات اور ہاسٹلز کی تعمیر، مرمت اور دیکھ بھال پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (PPP) ماڈل کے تحت کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس ضمن میں پنجاب کی 18 اہم صوبائی سڑکوں کے علاوہ زرعی، صنعتی اور شہری اہمیت کی 24 راہداریوں کی تعمیر کے بڑے منصوبے پر عملدرآمد کی منظوری بھی دے دی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ کے وژن کی روشنی میں سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی صدارت میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ سے متعلق تیسرے جائزہ اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس کو پنجاب پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی (PPPA) نے سڑکوں کی تعمیر، پانی کی فراہمی اور عوامی سہولیات کے بڑے منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ نجی شعبے کی مدد سے جدید دنیا میں رائج نظام، ٹیکنالوجی، مشینری اور طریقۂ کار اپنائے جائیں گے، سڑکوں اور شاہراہوں پر ٹول وصولی کا جدید نظام متعارف کرایا جائے گا، مسافروں کو بہتر سہولیات فراہم ہوں گی، سفر کے دورانیے میں کمی آئے گی، حفاظت یقینی بنے گی اور عوامی اخراجات میں کمی ممکن ہو گی۔اجلاس میں 150 کلومیٹر طویل دیپالپور، پاکپتن، وہاڑی روڈ کو نجی شراکت داری سے دو رویہ بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اسی طرح 100 کلومیٹر چراغ آباد، جھنگ، شورکوٹ روڈ کی دو رویہ تعمیر کی اصولی منظوری دی گئی۔ مزید برآں 140 کلومیٹر مظفرگڑھ، علی پور، ٹی ایم پناہ روڈ، 49 کلومیٹر ساہیوال، سمندری روڈ پر کیرج وے اور 40 کلومیٹر بہاولپور، جھنگڑا شرقی روڈ پر اضافی کیرج وے نجی شراکت داری سے تعمیر کیے جائیں گے۔سیالکوٹ، پسرور، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیرآباد اور ڈسکہ کی سڑکوں سمیت سیالکوٹ-ڈسکہ، سیالکوٹ-وزیرآباد اور گجرات-سیالکوٹ روڈز کی اپ گریڈیشن کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ احمدپور شرقیہ، اوچ شریف، ڈسکہ، پسرور اور بہاولپور-حاصل پور روڈز کو آپریشن اینڈ مینٹیننس (O&M) اصول پر بہتر بنایا جائے گا۔ پسرور، نارووال کے علاوہ لودھراں، ملسی اور ساہیوال-پاکپتن روڈز کی دیکھ بھال نجی شعبے کے ذریعے کرنے کی منظوری دی گئی، جبکہ ملتان-شجاع آباد، جلال پور پیر والا-ساہیوال، عارف والا، بورے والا-چیچہ وطنی، کھرڑیانوالہ، جڑانوالہ، حافظ آباد، پنڈی بھٹیاں اور حاصل پور-بہاولنگر روڈز کو بھی O&M ماڈل میں شامل کر لیا گیا۔اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ دیہات سے منڈیوں تک سڑکوں کی بہتری سے تجارت اور لاجسٹکس کی سہولیات میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ چکوال اور قصور میں نکاسی اور فراہمیٔ آب کے منصوبوں کی پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت منظوری دی گئی اور ان منصوبوں کے لیے ٹرانزیکشن ایڈوائزر مقرر کرنے کی اجازت بھی دے دی گئی۔ نجی شعبے کے تعاون سے سرکاری یونیورسٹیوں اور میڈیکل کالجوں میں طلبہ کے لیے آن کیمپس رہائشی سہولیات کی فراہمی پر بھی غور کیا گیا۔سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے ہدایت کی کہ تمام محکمے نجی شراکت داری سے ممکن اور قابلِ عمل منصوبوں کی نشاندہی کریں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا پنجاب کی سڑکوں کو عالمی معیار کے مطابق بنانے کا سب سے بڑا منصوبہ شروع ہو چکا ہے اور شفاف پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل سے پنجاب اور عوام دونوں تیزی سے ترقی کی شاہراہ پر آگے بڑھیں گے۔اجلاس میں متعلقہ وزارتوں، محکموں کے اعلیٰ حکام اور نجی شعبے کے نمائندوں نے شرکت کی۔