حکومت ترقیاتی عمل کو مؤثر، شفاف اور نتیجہ خیز بنانے کیلئے مسلسل اقدامات اٹھا رہی ہے، وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال

10

اسلام آباد، 7جنوری(اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت ترقیاتی عمل کو مؤثر، شفاف اور نتیجہ خیز بنانے کے لیے مسلسل اقدامات اٹھا رہی ہے تاکہ عوام کو براہِ راست فائدہ پہنچایا جا سکے۔  ان خیالات کا اظہار انہوں نے  بدھ کو پلاننگ کمیشن میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

 وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ ترقیاتی وسائل کے بہتر استعمال سے قومی منصوبہ بندی کے عمل میں اعتماد اور تسلسل پیدا ہوا ہے۔

انہوں نے  کہا کہ حکومت ملکی ترقی کو آگے بڑھانے کے لیے طویل المدتی منصوبہ بندی پر عمل پیرا ہے اور تمام ادارے قومی اہداف کے حصول کے لیے مشترکہ طور پر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی پالیسیوں کا مقصد معیشت کو مستحکم بنیادوں پر استوار کرنا ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ حکومت مالی نظم و ضبط کو بہتر بنانے اور قومی وسائل کے مؤثر انتظام کے لیے پُرعزم ہے، جس کے نتیجے میں مختلف شعبوں میں بہتری کا عمل جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے آمدن میں اضافے اور وسائل کے دانشمندانہ استعمال پر توجہ دی جا رہی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ریاستِ پاکستان شمولیتی حکمرانی پر یقین رکھتی ہے اور مختلف طبقوں کی نمائندگی قومی یکجہتی اور مضبوط ادارہ جاتی نظام کی علامت ہے۔ انہوں نے سرکاری افسران پر زور دیا کہ وہ عوامی خدمت کو اپنا شعار بنائیں اور نظام میں بہتری کے لیے فعال کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ قومی ترقی کے لیے امن، استحکام، پالیسیوں کا تسلسل اور اصلاحات نہایت اہم ہیں، اور انہی عوامل کے ذریعے ایک مضبوط اور پائیدار ترقی کا راستہ ہموار کیا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وژن کے ساتھ تسلسل ہی قومی منصوبوں کو کامیابی سے ہمکنار کرتا ہے۔

احسن اقبال نے جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ شعبے مستقبل کی حکمرانی اور معاشی ترقی میں کلیدی کردار ادا کریں گے، اس لیے اداروں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہونا ہوگا۔

انہوں نے سرکاری افسران کو ہدایت کی کہ وہ برآمدات کے فروغ میں سہولت فراہم کریں اور مقامی وسائل و صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر ملکی معیشت کو مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

آخر میں وفاقی وزیر نے تعلیم، انسانی وسائل کی ترقی اور سماجی شعبے کو قومی ترقی کی بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان شعبوں میں سرمایہ کاری سے ایک مستحکم، خوشحال اور خود اعتماد پاکستان کی تشکیل ممکن ہے۔