لندن، 8 جنوری )اے پی پی):پاکستان کے ہائی کمشنر برائے برطانیہ ڈاکٹر محمد فیصل اور چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان کے درمیان لندن میں اہم ملاقات ہوئی، جس میں پاکستان اور برطانیہ کے درمیان نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع، یوتھ انگیجمنٹ اور بین الاقوامی تعاون پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
ملاقات کے دوران چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ اوورسیز یوتھ انگیجمنٹ قومی یوتھ ایجنڈے کو مزید مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے بیرونِ ملک مقیم پاکستانی نوجوانوں کو قومی ترقی کے عمل میں مؤثر طور پر شامل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان اوورسیز پاکستانی یوتھ کنونشن کے انعقاد پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جس کا مقصد بیرونِ ملک پاکستانی نوجوانوں کو باہم جوڑنا اور پاکستان کے ساتھ ان کے تعلق کو مزید مستحکم کرنا ہے۔
ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے برطانیہ میں پاکستانی نوجوانوں کی مختلف تنظیموں کے ساتھ جاری روابط اور سرگرمیوں کو سراہا۔ اس موقع پر رانا مشہود احمد خان نے پاکستانی ہائی کمیشن لندن کی اوورسیز یوتھ کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام کے برطانیہ کے سرکاری دورے کے دوران بین الاقوامی یوتھ تعاون کو فروغ دینے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ اس سلسلے میں ان کی دولتِ مشترکہ سیکرٹریٹ، برٹش ای اسپورٹس اور برطانوی وی یوتھ تنظیموں کے نمائندوں سے ملاقاتیں بھی شیڈول ہیں۔
دورے کے دوران برطانیہ کی ممتاز جامعات میں زیرِ تعلیم پاکستانی نوجوانوں سے ملاقاتیں بھی طے کی گئی ہیں، جبکہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان نوجوانوں کے لیے اوورسیز روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے بھی اہم پیش رفت متوقع ہے۔











