راولپنڈی،08 جنوری (اے پی پی ): ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے سعودی عرب کے سرکاری دورے کے دوران شاہی سعودی فضائیہ کے کمانڈر ایچ آر ایچ لیفٹیننٹ جنرل ترکی بن بندر بن عبدالعزیز اور چیف آف جنرل سٹاف جنرل فیاض بن حمید الروائلی سے ملاقات کی۔
ملاقاتوں کے دوران دوطرفہ دفاعی تعاون، علاقائی سلامتی کے ماحول اور مستقبل میں تعاون کی راہوں سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں فریقین نے تعاون کی موجودہ سطح پر اطمینان کا اظہار کیا اور پاکستان-کے ایس اے دفاعی معاہدے کو باہمی اعتماد اور پائیدار برادرانہ تعلقات کی علامت کے طور پر اجاگر کرتے ہوئے مشترکہ تربیت، آپریشنل تعاون اور پیشہ ورانہ مہارت کے تبادلے کے ذریعے روابط کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔
ائیر چیف نے دونوں ممالک کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات پر روشنی ڈالی اور دوطرفہ اور کثیر جہتی مشقوں کے ذریعے ملٹری ٹو ملٹری تعاون کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔











