پاکستان میں کلینیکل ٹرائل سیکٹر کے فروغ کے لیے جائزہ اجلاس

8

اسلام آباد، 8 جنوری (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے صحت مصطفیٰ کمال کی سربراہی میں پاکستان میں کلینیکل ٹرائل سیکٹر کے فروغ سے متعلق جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈریپ، چیف ایگزیکٹو آفیسر قومی ادارہ صحت، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ اور ڈائریکٹر کلینیکل ٹرائل یونٹ بابر سعید نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میں وزیر صحت نے کہا کہ پاکستان آئندہ دنوں میں کلینیکل ٹرائلز کا علاقائی حب بننے جا رہا ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے ڈریپ بایو اسٹڈی رولز میں ضروری ترامیم کی جا رہی ہیں تاکہ بین الاقوامی معیار کے مطابق شفاف، مؤثر اور تیز تر نظام قائم کیا جا سکے۔

مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ کلینیکل ٹرائلز کے فروغ کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں جن میں تمام درخواستوں کو آن لائن کرنے کے لیے جدید ڈیجیٹل سسٹم کے نفاذ پر تیزی سے کام جاری ہے۔ پاکستان میں کلینیکل ٹرائلز کے فروغ کے لیے ایک قومی سمٹ بھی منعقد کیا جائے گا جس میں ملکی و بین الاقوامی ماہرین، ادارے اور اسٹیک ہولڈرز شرکت کریں گے۔

وزیر صحت نے یہ بھی کہا کہ حکومت پاکستان نئی ٹیکنالوجیز اور جدید ادویات کو مارکیٹ میں متعارف کرانے کے لیے تمام ممکنہ سہولیات فراہم کرے گی اور دنیا بھر سے کنٹریکٹ ریسرچ آرگنائزیشنز (CROs) اور اسپانسرز جو پاکستان میں کلینیکل ٹرائلز میں دلچسپی رکھتے ہیں، انہیں مکمل سہولتیں اور معاونت فراہم کی جائے گی تاکہ پاکستان عالمی سطح پر تحقیق و ترقی کے میدان میں نمایاں مقام حاصل کر سکے۔