وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی حکومت کے مجوزہ رمضان اور گزشتہ سال رمضان پیکج کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن پر جائزہ اجلاس

11

 اسلام آباد، 09 جنوری (اے پی پی):  وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت گزشتہ رمضان پیکج کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن اور آئندہ رمضان کے لیے مجوزہ پیکج پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ وزیراعظم کو پچھلے سال رمضان پیکج کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن  کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ پچھلے سال رمضان پیکج میں کسی قسم کی مالی بے ضابطگی  یا سنگین انتظامی بدنظمی و بدعنوانی نہیں پائی گئی۔

وزیراعظم نے یوٹیلٹی سٹورز میں دہائیوں سے جاری مالی بدعنوانی اور بدنظمی  کے خاتمے کو وفاقی حکومت کا انقلابی قدم قرار دیا ۔  وزیراعظم نے کہا غریب  اور مستحق عوام تک امدادی رقوم اور اشیائے خورد و نوش کی ارزاں نرخوں پہ فراہمی وفاقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔

 مزید براں وزیراعظم نے آنے والے رمضان اور عید پہ مجوزہ  پیکج  کے لیے تمام متعلقہ اداروں اور وزارتوں کو باہمی ہم اہنگی اور تعاون سے جامع حکمت عملی ترتیب دینے کی خصوصی ہدایات جاری کی۔

 وزیراعظم نے مزید ہدایت جاری کی کہ امدادی رقوم اور رمضان پیکج کی ادائیگی میں شفافیت، غریب لوگوں کی شمولیت اور انتظامی نظم و ضبط کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں۔

  اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، برائے، وفاقی وزیر برائے  اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ،  وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت سید عمران احمد شاہ، وفاقی وزیر برائے  قومی تحفظ خوراک رانا تنویر حسین ، وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ،  وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر،  چیئرمین نادرہ اور  چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی اور دیگر متعلقہ سرکاری عہدے داران نے شرکت کی۔