وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک سے سعودی عرب کے سفیر کی ملاقات،باہمی اور تزویراتی تعاون پر تبادلہء خیال

13

اسلام آباد، 09 جنوری (اے پی پی):مملکتِ سعودی عرب کے سفیر،نواف بن سعید احمد المالکی نے آج بروز جمعہ یہاں اسلام آباد میں وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی، ڈاکٹر مصدق ملک سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دونوں فریقین کے مابین باہمی اور تزویراتی تعاون کے فروغ سے متعلق مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

وفاقی وزیر نے ملاقات کے دوران موسمیاتی لچک اور پائیدار ترقی کے حوالے سے پاکستان کی ترجیحات سے آگاہ کرتے ہوئے عالمی ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی شراکت داریوں کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے مختلف شعبوں میں پاکستان کے ساتھ سعودی عرب کے مسلسل تعاون اور معاونت کو سراہا۔

سعودی سفیر نے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ملاقات میں دونوں فریقین نے پاکستان اور سعودی عرب کے مابین گہرے، تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے مابین دیرینہ شراکت داری مستقبل میں مزید وسعت اختیار کرے گی۔