پاکستان علاقائی و عالمی منڈیوں کے لیے بے مثال مواقع فراہم کرتا ہے: وفاقی وزیر تجارت

10

‎
کراچی، 11 جنوری ( اے پی پی): وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ پاکستان علاقائی اور عالمی منڈیوں کے لیے بے مثال مواقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے آٹھویں پاکستان ایڈیبل آئل کانفرنس میں شرکت کے موقع پر خوردنی تیل اور تیل دار بیجوں کے شعبے کے اہم کردار کو سراہا۔

‎وفاقی وزیر تجارت نے پاکستان ایڈیبل آئل ریفائنرز ایسوسی ایشن اور سیڈ ایسوسی ایشن کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ خوردنی تیل اور تیل دار بیج معاشی تعاون اور سرمایہ کاری کے فروغ کی مضبوط بنیاد ہیں۔

‎جام کمال خان نے صدرِ انڈونیشیا کے دورۂ پاکستان کو مثبت اور نتیجہ خیز قرار دیتے ہوئے پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان پام آئل اور دیگر اجناس میں دوطرفہ تجارت بڑھانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ انڈونیشیا نے پاکستان کے ساتھ ریئر ارتھ منرلز میں تجارتی تعاون میں بھی دلچسپی ظاہر کی ہے۔

‎انہوں نے کہا کہ پاکستان اور انڈونیشیا کے تعلقات طویل المدتی اور دوستانہ ہیں جبکہ انڈونیشیا، ملائیشیا، امریکا اور کینیڈا بھی پاکستان کے ساتھ تجارت میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔ وزیر تجارت کے مطابق تجارت روایتی دائرے سے نکل کر اسٹریٹجک شراکت داری میں بدل رہی ہے۔

‎جام کمال خان نے کہا کہ پاکستان نوجوان افرادی قوت، کم لاگت لیبر اور تیزی سے بڑھتی ٹیکنالوجی کی بدولت سرمایہ کاری کے لیے پرکشش ملک ہے۔ انہوں نے معاشی اصلاحات، کاروباری آسانیوں اور برآمدات پر مبنی ترقی پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ حکومت باہمی مفاد پر مبنی تجارتی شراکت داریوں کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے۔