اسلام آباد۔14جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے بورڈ آف انویسٹمنٹ قیصر احمد شیخ سے پاکستان میں کینیڈا کے ہائی کمشنر طارق علی خان نے اہم ملاقات کی ۔ ملاقات میں وفاقی وزیر برائے ثقافت اورنگزیب کھچی اور بورڈ آف انویسٹمنٹ کے سینئر حکام نے بھی شرکت کی۔
وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے کینیڈین وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے دوطرفہ تجارت میں اضافے کو خوش آئند قرار دیا۔بورڈ آف انویسٹمنٹ کے مطابق وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کینولا کی تجارت میں کینیڈا کی نمایاں پیشرفت اور بریک تھرو کو سراہا۔
اس موقع پرپاکستان اور کینیڈا کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے انویسٹمنٹ، بزنس فیسلیٹیشن سینٹر، ریگولیٹری اصلاحات اور خصوصی اقتصادی زونز پر بریفنگ دی۔فریقین نے زراعت، معدنیات، مینو فیکچرنگ، ڈیجیٹلائزیشن اور گرین انرجی میں سرمایہ کاری کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا۔پاکستان-کینیڈا سرمایہ کاری معاہدے پر مذاکرات جلد بحال کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے کہا کہ پاکستان سرمایہ کاری کے لئے موزوں اور پُرکشش ملک ہے،بورڈ آف انویسٹمنٹ پاکستان میں پائیدار سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے پر عزم ہے۔ ملاقات کے دوران وفاقی وزیر برائے ثقافت اورنگزیب کھچی کی جانب سے پاکستان اور کینیڈا کے درمیان ثقافتی تعاون کو فروغ دینے پر زور دیا گیا۔ کینیڈین ہائی کمشنر کی جانب سے کی پاکستان میں سرمایہ کاری کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔











