اسلام آباد ،14 جنوری(اے پی پی): وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ پاکستان کی آبادی کے تناسب سے سالانہ حج کوٹہ 2 لاکھ 30 ہزار کرنے کے لئے سعودی حکومت سے مسلسل رابطے میں ہیں، قوی امید ہے کہ دیگر ممالک کے کوٹہ میں اضافے کے ساتھ پاکستان کے کوٹہ میں بھی خاطر خواہ اضافہ کر دیا جائے گا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایات پر پرائیویٹ حج سکیم میں حج پیکیج کے لئے اصلاحات پر کام کر رہے ہیں،روٹ ٹو مکہ پراجیکٹ میں عازمین حج کی دوہری امگرپیشن کے لئے لاہور کو بھی شامل کرنے کے لئےکام تیزی سے جاری ہے ،حج 2025 کے بعد 75فیصد شکایات کم ہوئیں اس سال مزید کم کرنے کے لئے کوشاں ہیں ،حج 2026 کے لئے 38ہزار سے زائد عازمین حج اسلام آباد ائیرپورٹ سے روٹ ٹو مکہ کے زریعے امگرییشن کرائیں گے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے حج کمپلیکس اسلام آباد میں حج تربیتی ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایات اور وفاقی کابینہ سے منظور شدہ حج پالیسی 2026 کی روشنی میں تمام انتظامات سعودی ٹائم لائن کے مطابق بروقت مکمل کیےجا رہے ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ پڑوسی ممالک کی نسبت پاکستان کا حج پیکیج اب بھی سستا اور معیاری ہے۔











