صدر مملکت آصف علی زرداری کے اعزاز میں بحرین کے فرمانروا شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ کاظہرانہ

14

منامہ۔15جنوری  (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری کے اعزاز میں  بحرین کے فرمانروا شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ نےسرکاری ظہرانے کا اہتمام کیا۔ ظہرانے کی تقریب صدر مملکت کے چار روزہ سرکاری دورہ بحرین کے دوران  جمعرات کو یہاں منعقد ہوئی۔ ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت کے ہمراہ خاتون اول بی بی آصفہ بھٹو زرداری بھی موجود تھیں۔

 شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ نے صدر مملکت کو شاہی اصطبل میں موجود خالص عربی نسل کے عالمی شہرت یافتہ گھوڑے دکھائے۔ نجی اصطبل کے اس خصوصی دورے کے دوران صدر مملکت نے دنیا کے ممتاز ترین گھوڑوں کا معائنہ کیا ۔

صدر مملکت کو بتایا گیا کہ گھوڑوں کے ورثے کے نمایاں سرپرست کی حیثیت سے شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ قدیم بحرینی نسلوں کے تحفظ کی ذاتی طور پر نگرانی کرتے ہیں جن میں الدہمہ، کوہیلات الجلابیہ اور کوہیلات الافاص شامل ہیں۔ یہ نسلیں اپنی ’’اصیل‘‘ حیثیت کے طور پر معروف اور اپنی رفتار، ذہانت اور مخصوص چمکدار حسن کے لیے پہچانی جاتی ہیں۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے نایاب نسلوں کے تحفظ کے لیے شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ کی مخلصانہ کاوشوں کو سراہتے ہوئے ان کیلئے تحسین کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ عربی النسل گھوڑا پاکستان اور بحرین دونوں کے مشترکہ ثقافتی اور اسلامی ورثے میں ایک اہم اور مقدس مقام کا حامل اور دونوں ممالک کے مابین دیرینہ اور مضبوط تعلقات کی علامت ہے۔خوشگوار اور پرخلوص ماحول میں منعقد ہونے والے اس ظہرانے میں بحرینی شاہی خاندان کے سینئر ارکان اور اعلیٰ سطحی پاکستانی وفد نے شرکت کی۔