اسلام آباد ، 15 جنوری ( اے پی پی): چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت اسلام آباد سلاٹر ہاؤس منصوبے سے متعلق سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس میں سی ڈی اے بورڈ کے ممبر انجینئرنگ، ممبر پلاننگ و ڈیزائن، ڈی جی ریسورس، ڈی جی ورکس, کنسلٹنٹس سمیت دیگر سنئیر افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں اسلام آباد سلاٹر ہاؤس منصوبے میں ہونے والی پیشرفت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔
بریفنگ میں اجلاس کو بتایا گیا کہ اسلام آباد سلاٹر ہاؤس منصوبے کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کے تحت تعمیر کیا جائیگا، اسلام آباد سلاٹر ہاؤس منصوبے میں جدید اور سٹیٹ آف دی آرٹ سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائیگا، اس منصوبے کے تحت جدید خطوط پر استوار ذبح خانے اور چِلنگ رومز جیسی سہولیات فراہم کی جائینگی، بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسلام آباد سلاٹر ہاؤس کی تمام سہولیات سروسنگ ماڈل کے تحت میسر ہونگی، اسلام آباد سلاٹر ہاؤس میں کمرشل ایریا اور جانوروں کی تجارت کیلئے ایریا بھی مختص کیا گیا ہے، اجلاس میں اسلام آباد سلاٹر ہاؤس کے فنانشل ماڈل پر بھی غور کیا گیا ۔
چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کا ڈیزائن اور ماڈل سی ڈی اے بورڈ اور میٹ بورڈ کے سامنے پیش کیا جائے، منصوبے کی تکمیل سے جڑواں شہروں کے باسیوں کی گوشت کی ضروریات کیساتھ عالمی مارکیٹس میں گوشت برآمد کرنے میں بھی مدد ملے گی، چیئرمین سی ڈی اے نے مزید کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے شہریوں کو بہتر سے بہترین سہولیات فراہم کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔











