منامہ ۔15جنوری (اے پی پی):خاتونِ اول بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے کنگ حمد یونیورسٹی ہسپتال میں قائم ملٹری ہسپتال مائیکرو سکول کا دورہ کیا۔ یہ ایک ایسا منفرد اقدام ہے جس کے تحت زیرِ علاج بچوں کی تعلیم کو بچوں کے طبی نگہداشت کے نظام کا حصہ بنایا گیا ہے۔
جمعرات کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق اس موقع پر خاتونِ اول کو بریفنگ دی گئی کہ مائیکرو اسکول کے ذریعے کم عمر مریض علاج کے دوران بھی اپنی تعلیم جاری رکھ سکتے ہیں، جس سے نہ صرف ان کا تعلیمی تسلسل برقرار رہتا ہے بلکہ ان کی جذباتی صحت اور ذہنی سکون میں بھی بہتری آتی ہے۔
دورے کے دوران بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے انٹرایکٹو کلاس رومز اور جدید تعلیمی سہولیات کا مشاہدہ کیا اور اس امر کو سراہا کہ یہ پروگرام تعلیمی سرگرمیوں کو علاج معالجے کی معاونت کے ساتھ یکجا کرتا ہے۔ انہوں نے عملے اور بچوں سے ملاقات بھی کی اور اساتذہ اور ہسپتال کے عملے کے کردار کو سراہا جو ایک ایسا معاون اور شفقت پر مبنی ماحول فراہم کر رہے ہیں جس سے مریض بچوں میں معمول کی زندگی کا احساس اور حوصلہ برقرار رہتا ہے۔











