اسلام آباد، 16 جنوری(اے پی پی): قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاوس میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں میں سائبر کرائمز سے نمٹنے کے لیے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) میں اصلاحات لانے کے لیے ضروری اقدامات کیے جانے کا اعلان کیا گیا۔
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ ایجنسی میں بہترین افسران تعینات کیے گئے ہیں اور تحقیقاتی ایجنسی کی استعداد کار بڑھانے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کو گزشتہ سال ایک لاکھ پچاس ہزار سے زیادہ شکایات موصول ہوئیں، جن میں سے 81 ہزار سے زائد شکایات مالی جرائم سے متعلق تھیں اور 1095 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
وزیر مملکت برائے داخلہ نے کہا کہ اسلام آباد کی ہوا کا معیار ایک سال پہلے کے مقابلے میں بہتر ہوا ہے، جس کے لیے گاڑیوں کے اخراج کی تصدیق جیسے اقدامات کیے گئے ہیں۔
وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے ایوان کو بتایا کہ پی آئی اے کی قانون اور آئین کے مطابق انتہائی شفاف طریقے سے نجکاری کی گئی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ صرف ایئرلائن کے بنیادی آپریشنز کی نجکاری کی گئی ہے جبکہ پی آئی اے کے ملکیتی ہوٹل اس لین دین کا حصہ نہیں ہیں۔
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے اسلام آباد کو ہر قسم کی تجاوزات سے پاک کرنے کے حکومتی عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس سلسلے میں معاشرے کے تمام طبقات کا تعاون درکار ہوگا۔
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت کی ترقی کے لیے رواں ماہ وژن 2027 کا اعلان کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ دو سالہ روڈ میپ دارالحکومت کو ایک جدید اور سمارٹ سٹی میں بدل دے گا۔











