چیئرمین سینیٹ سے وفاقی وزیر اطلاعات کی ملاقات، بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس کی ڈیجیٹل البم پیش کی

13

اسلام آباد، 19( جنوری اے پی پی ):چیئرمین سینیٹ پاکستان سید یوسف رضا گیلانی سے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے وفد کے ہمراہ  پیر کو یہاں ملاقات کی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے حال ہی میں اسلام آباد میں منعقد ہونے والی بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس  کی ڈیجیٹل البم چیئرمین سینیٹ کو پیش کی۔ ڈیجیٹل البم میں کانفرنس کے اہم لمحات، عالمی سطح پر شرکت کرنے والے معزز اسپیکرز اور پارلیمنٹیرینز، سیشنز اور دیگر سرگرمیوں کو محفوظ کیا گیا ہے۔

اس موقع پر چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کانفرنس کی شاندار میڈیا کوریج اور مؤثر تشہیر پر وفاقی وزیر اطلاعات اور ان کی پوری ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس کے مثبت اثرات اب واضح طور پر سامنے آ رہے ہیں اور عالمی سطح پر پاکستان کا تشخص مزید مضبوط ہوا ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس کا مرکزی موضوع امن، سلامتی اور ترقی تھا، جس کے تحت اسلام آباد اعلامیہ متفقہ طور پر منظور کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ اعلامیے میں عالمی امن کے فروغ، پائیدار ترقی اور اقوام متحدہ کے اصولوں کی روشنی میں ایک منصفانہ اور مستحکم عالمی نظام کے قیام کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

سید یوسف رضا گیلانی نے وزارت اطلاعات کی معاونت اور پیشہ ورانہ کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ سینیٹ آف پاکستان نے اس عالمی کانفرنس کی میزبانی کی، جبکہ اسلام آباد میں منعقدہ بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس کی قیادت خود چیئرمین سینیٹ نے کی۔ انہوں نے اس کانفرنس کو پارلیمانی سفارتکاری کے فروغ میں ایک سنگِ میل قرار دیا۔

چیئرمین سینیٹ نے مزید کہا کہ کانفرنس میں دنیا بھر سے معزز اسپیکرز اور پارلیمنٹیرینز کی شرکت نے اسے ایک تاریخی اور فیصلہ کن پیش رفت بنا دیا، جس سے مختلف ممالک کے درمیان مکالمے، تعاون اور باہمی اعتماد کو فروغ ملا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ اسپیکرز کانفرنس کے کامیاب انعقاد سے عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ کی قیادت میں پارلیمانی سفارتکاری کے ذریعے مختلف ممالک کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا گیا، جو پاکستان کی خارجہ اور پارلیمانی حکمت عملی کی بڑی کامیابی ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وزارت اطلاعات آئندہ بھی قومی اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے مؤقف اور کامیابیوں کو مؤثر انداز میں اجاگر کرتی رہے گی۔

اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات اشفاق احمد خلیل اور پرنسپل انفارمیشن آفیسر (پی آئی او) مبشر حسن بھی موجود تھے۔