اسلام آباد، 19 جنوری (اے پی پی ): اسلام آباد میں خواتین اور خاندانوں کے لیے ایک رنگا رنگ مینا بازار حلقہ خواتین جماعتِ اسلامی (شعبہ جے آئی یوتھ) کے زیرِ اہتمام منعقد کیا گیا، جس کا مقصد نوجوان خواتین کی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا، بچوں کو صحت مند تفریح فراہم کرنا اور خواتین کے کاروباری اقدامات کو فروغ دینا تھا۔
مینا بازار میں نوجوانوں اور خواتین کے لیے مختلف سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا، جن میں کیلی گرافی، پینٹنگ، ڈرائنگ، اسٹینڈ اپ کامیڈی، مہندی آرٹ، فوٹوگرافی، ریلز اور پوسٹر میکنگ کے مقابلے شامل تھے۔ نمایاں کارکردگی دکھانے والے شرکاء کو انعامات بھی دیے گئے۔بچوں کے لیے جھولوں اور مختلف تفریحی گیمز کا خصوصی انتظام کیا گیا، جس سے بچوں اور فیملیز نے بھرپور لطف اٹھایا۔
مزید برآں، خواتین کے زیرِ انتظام گھریلو کاروبار کے اسٹالز بھی لگائے گئے، جہاں دستکاری، زیورات، اسٹیشنری اور دیگر مصنوعات کی نمائش کی گئی۔ منتظمین کے مطابق یہ مینا بازار خواتین اور نوجوانوں کو تخلیقی اظہار اور مثبت سرگرمیوں میں حصہ لینے کے مواقع فراہم کرنے کا ایک مثبت اقدام تھا۔
فیملیز کی بھرپور شرکت اور متنوع سرگرمیوں کی بدولت یہ مینا بازار ایک خوشگوار اور یادگار ایونٹ ثابت ہوا۔











